پروفیسر ڈاکٹر قیصر علی انجینئرنگ یونیورسٹی کے وائس چانسلر تعینات
پشاور (سٹی رپورٹر)گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان کی منظوری کے بعد پروفیسر ڈاکٹر قیصر علی،پروفیسر شعبہ سول انجینئرنگ کو بطور پرو وائس چانسلر، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی تعینات کردیا گیا ہے۔ڈاکٹر قیصر علی کودو سال کی مدت کیلئے تعینات کیا گیا ہے جس کا باقاعدہ اعلامیہ ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، خیبر پختونخوا نے جاری کردیا ہے۔انہوں نے قائم مقام وائس چانسلر،یو ای ٹی پشاور کی حیثیت سے بھی اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ واضح رہے کہ پروفیسر ڈاکٹر قیصر علی مستقل وائس چانسلر کی تعیناتی تک قائمقام وائس چانسلر رہیں گے۔پروفیسر ڈاکٹر قیصر علیسال2018سے چیئرمین شعبہ سول انجینئرنگ کی خدمات بھی انجام دے رہے ہیں۔بطور سینئر پروفیسرانکی خدمات تحقیق و اعلیٰ تعلیم کے شعبہ میں عالمی سطح پر پہچانی جاتی ہیں۔ انہوں نے 2004میں یو ای ٹی پشاور سے ارتھ کیویک انجینئرنگ میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی اور 2007میں پروفیسر کے عہدے پر فائز ہوئے۔پروفیسر ڈاکٹر قیصر علی نے بطور پرو وائس چانسلر /قائمقام وائس چانسلر کا چارج سنھبالنے کے بعد ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹس کیساتھ اجلاس میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہو ئے کہا کہ یونیورسٹی رولز کے مطابق طلباء فیکلٹی اور ایڈمینسٹریشن کو سہولیات فراہم کرنا انکی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو ای ٹی کی فیکلٹی دنیا کے بہترین یونیورسٹیوں سے فارغ اتحصیل ہیں جو ہر قسم کے چیلنجز کا سامنا کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے گورنر خیبر پختونخوا اورہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کا انکو بطور پرو وائس چانسلر تعینات کرنے پر انکا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر سابقہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار حسین، ڈین فیکلٹی آف سول انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر اختر نعیم خان، رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان، پروفیسر ڈاکٹر نور محمد(ریٹائرڈ سابقہ پرو وائس چانسلر یو ای ٹی)، تمام ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹس اور سینئر فیکلٹی و انتظامی امور کے افسران بھی موجو د تھے۔