ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن کو مکمل طور پر فعال بنایا جائے گا،اکبر ایوب

ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن کو مکمل طور پر فعال بنایا جائے ...

  

پشاور(سٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم اکبر ایوب خان نے کہا ہے کہ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن کو مکمل طور پر فعال بنایا جائے گا۔ اس سلسلے میں نئی و پرانی ٹیکنیکل کمیٹیوں کی تشکیل نو کی منظوری دے دی گئی ہے جو کہ تمام حالات کا جائزہ لے کر موجودہ مسائل کے دیرپا حل کے لیے مناسب اقدامات تجویز کرنے کے ساتھ ساتھ مستقبل کے لیے اپنی آراء فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹر کو پیش کرے گی۔اکبر ایوب خان کا کہنا تھا کہ فاؤنڈیشن مزید ایک ہزار گرلز کمیونٹی سکول قائم کرکے موجودہ حکومت کو 40 ہزار سے زائد آوٹ آف سکول بچوں کے بنیادی تعلیم فراہم کرنے میں مدد دے گی اور اس کے ساتھ ہی ہزاروں بے روزگار خواتین کو روزگار کے مواقع بھی میسر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیو سکول اسکیم کے تحت ایسے پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں جہاں نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے موجود نہ ہوئے وہاں مزید نجی تعلیمی ادارے کھولنے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور سکیم کو مزید علاقوں تک وسعت دی جائے گی۔صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ فاؤنڈیشن کے تمام نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا اور کمپیوٹر نظام کے تحت تمام معلومات کو مزید بہتر انداز میں قابل استعمال بنایا جائے گا اور اس کے لیے جلد از جلد تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فاؤنڈیشن کے استعدادکار بڑھانے اور بدعنوانی کے تدراک کے لیے تمام ملازمین کے تبادلے کیے جائیں گے انہوں نے کہا کہ جو ملازمین کسی ایک پوسٹ پر دو یا دو سال سے زیادہ کے عرصے سے تعینات ہیں ان کے تبادلے کیے جا سکیں تاکہ ادارے میں شفافیت کو پروان چڑھایا جایا اور میرٹ کی بالادستی ہو۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -