جنگلات معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے،کمشنر بنوں

  جنگلات معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے،کمشنر بنوں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
پشاور(سٹاف رپورٹر)جنگلات کسی بھی ملک کی معاشی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اور موجودہ دور میں موسمیاتی تبدیلیوں اور گلوبل وارمنگ کی وجہ سے ان کی اہمیت اور بھی زیادہ ہو گئی ہے اس لئے معاشی ترقی کے ساتھ ساتھ موسمیاتی تبدیلیوں کے خوفناک نتائج سے ملک کوبچانے کیلئے وسیع سطح پر شجرکاری کی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر بنوں ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے ٹائیگر فورس کی مدد سے شجر کاری مہم چلانے اور ان کو وسائل کی فراہمی کے سلسلے میں ایک اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بے وقت کی بارشیں اور سیلاب انہی موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ایک تباہ کن صورتِ حال اختیار کر چکے ہیں اس لئے اس صورتِ حال پر قابو پانے کیلئے شجر کاری کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے صوبے میں کم از کم پانچ لاکھ پودے لگائے جارہے ہیں تاہم صرف بنوں ڈویژن میں ہدف سے زیادہ دو لاکھ پودے لگائے جائینگے تاکہ حوشحال،سرسبز اور شاداب پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جا سکے۔ اجلاس میں دوسروں کے علاوہ ڈپٹی کمشنر بنوں کیپٹن ریٹائرڈ محمد زبیر خان نیازی، ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان شاہد علی خان، ڈپٹی کمشنر لکی مروت عبدالحسیب کے علاوہ ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسربنوں وحدت ذیشان، ڈی ایف او شمالی وزیرستان و سابقہ ایف آر عجب خان اور ڈی ایف او لکی مروت نقیب اللہ خان بھی موجو دتھے۔ کمشنر بنوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس اس عظیم شجر کاری منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے تیار ہے اور ٹائیگر فورس کے جوانوں کو سفری سہولیات، سیکورٹی، انٹر ٹینمنٹ اور دوسری درکار اشیائے ضروریہ کی فراہمی محکمہ جنگلات کی ذمہ داری ہوگی تاکہ اس میگاپلانٹیشن مہم کو کامیاب بنا کر ملک کی معاشی ترقی، ماحولیاتی اور قدرتی حسن میں اضافہ کیا جا سکے۔ کمشنر نے مزید کہا کہ مون سون کی یہ شجر کاری شہری علاقوں کے علاوہ دیہی علاقوں میں بھی کی جائے گی تاکہ ترقی اور خوشحالی کے ثمرا ت تمام علاقوں کو یکساں مہیا کئے جا سکیں۔