بلاول بھٹو کچھ بھی کر لیں، این آر او نہیں ملے گا: شبلی فراز، وزیر اطلاعات کی گورنر پنجاب سے ملاقات سیاسی امور سمیت دیگر ایشوز پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن حکومت پر دباؤ ڈال رہی ہے لیکن عمران خان کسی صورت سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ بلاول بھٹو لا کھ کوشش کر لیں، این آر او نہیں ملے گا، وہ کرپشن پر بات کرنے کا اخلاقی جواز نہیں رکھتے، دوہری شہریت اور معاونین پر قانون میں قدغن نہیں، تحریک انصاف نے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا۔ جمعرات کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا فیٹف قانون سازی پاکستان کیلئے ہے لیکن اپوزیشن اسے نیب ایکٹ سے منسلک کر دیتی ہے۔ ان کی ترامیم کو پڑھیں گے تو ہنسی ضرور آئیگی، ان کا بنیادی مقصد این آر او ہے۔ یہ کرپشن کو اپنی نظر سے قانون بنانا چاہتے ہیں۔ اپوزیشن کی ترامیم ردی کی ٹوکری میں ڈا لی جائیں گی۔ بلاول بھٹو شیشے کے گھر میں رہ کر دوسروں کے گھروں میں پتھر پھینک رہے ہیں، انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنایا، وہ یا تو لاعلم ہیں یا سب کچھ جانتے ہوئے جھوٹ بولتے ہیں، کیونکہ وزیراعظم اور ان کی فیملی نے محنت سے اثاثے بنائے، ان کے پاس وہ اثاثے نہیں جو بلاول بھٹو کے پاس ہیں۔ عمران خان نے کرکٹ کی تمام کما ئی کا ریکارڈ عدالت کو دیا جبکہ بلاول کی فیملی پر صداقت اور امانت کے بڑے سوالیہ نشان ہیں، کیا وہ بتائیں گے کہ سرے محل کیسے خریدا گیا؟ سوئس اکاؤنٹ کا کیا ہوا؟ اومنی گروپ کیلئے منی لانڈرنگ کس نے کی؟ بلاول بھٹو کو ان سوالوں کا جواب اپنی فیملی سے مل جائے گا۔اپنی ٹیم میں تبدیلی کرنا وزیراعظم کا اختیار ہے۔اپوزیشن والے کہتے ہیں نواز شریف اور زرداری کھاتے نہیں لگاتے بھی ہیں لیکن عمران خان کہتا ہے نہ کھاؤں گا نہ کھانے دونگا۔ وزیراعظم اپنی پارٹی سمیت کسی کو بھی نہیں چھوڑیں گے۔ وقت بدل گیا ہے، بلاول نئے دور کی حقیقت کو سمجھیں، وہ نہیں سمجھیں گے تو ان کا مستقبل تاریک نظر آ رہا ہے۔ بلاول اپنی پارٹی کی کارکردگی پر توجہ دیں، سارے پاکستان نے دیکھ لیا کہ ایک بارش سے کراچی کی کیا حالت ہوئی ہے۔
شبلی فراز
لاہور (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیراطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن جو مرضی کرلے عام انتخابات وقت پر ہی ہونگے، کر پشن کرنیوالوں کو ہر صورت احتساب کا سا منا کرنا پڑیگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزگورنر پنجاب چودھری سرور سے ملاقات میں کیا، جس میں دونوں رہنماؤں کے مابین سیاسی و حکومتی امور سمیت دیگر ایشوز پر بات چیت کی گئی۔ گورنر پنجاب نے حکومتی اقدامات کو بھرپور طریقے سے اجاگر کرنے پر شبلی فراز کی کار کردگی کو سراہا۔اس موقع پر شبلی فراز کا کہنا تھا موجودہ حکومت ہر سطح پر شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنا رہی ہے، سفارشی کلچر ختم کر دیا ہے، اپوزیشن کا ایجنڈہ صرف اور صرف ذاتی مفادات کا تحفظ ہے، ان کو ملک و قوم کی فکر نہیں۔گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا عوام اپوزیشن کے بیانہ کیساتھ نہیں حکومتی پالیسوں کیساتھ کھڑے ہیں، سیاسی مخالفین پار لیمنٹ کے اندر باہر کہیں بھی عو ام کی بات نہیں کرتے، بلا امتیاز احتساب ملکی ترقی و خوشحالی کا ضامن ہے، قومی وسائل کا تحفظ کیا جائیگا، ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کیلئے موجودہ حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان اصولوں پر ڈٹ جانیوالا لیڈر ہے، سمجھوتہ کر نیوالا نہیں۔ کورونا پھیلاؤ روکنے کیلئے سمارٹ لاک ڈاؤن کا حکومتی اقدام موثر ثابت ہوا ہے، اگر عوام نے عید اور محرم الحرام میں ایس او پیز پر عمل کر لیا تو انشاء اللہ ہم کورونا کو شکست دیدیں گے۔ اپوزیشن عوام کو گمراہ کر نے کیلئے آئے روز نیا منصوبہ بنا تی ہے مگر عوام کے سامنے انکے اصل عزا ئم بے بقاب ہو چکے ہیں۔
شبلی فراز،چوہدری سرور