بارشی پانی کے انڈر گراؤنڈ سٹوریج منصوبے کو دیگر شہروں تک بڑھایا جائیگا: عثمان بزدار

  بارشی پانی کے انڈر گراؤنڈ سٹوریج منصوبے کو دیگر شہروں تک بڑھایا جائیگا: ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیر اعلی آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا-اجلاس میں محکمہ ہاؤسنگ کی کارکردگی اور جاری منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا-اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بارشی پانی کے انڈر گراؤنڈ سٹوریج پراجیکٹ کو بتدریج دیگر شہرو ں تک بڑھایا جائے گا-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے انڈر گراؤنڈ سٹوریج کے منصوبے دیگر شہروں میں بھی شروع کرنے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ لاہور کے ساتھ پنجاب کے بڑے شہروں میں بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے انڈر گراؤنڈ ٹینک بنائے جائیں گے اورذخیرہ کئے گئے پانی کو ہارٹیکلچر کیلئے استعمال کیا جائے گا اوربارشی پانی کو صاف کرکے پینے کے قابل بھی بنایا جا سکے گا-انہوں نے کہا کہ لارنس روڈ پر بارشی پانی ذخیرہ کرنے کے لئے بنایا گیا انڈر گراؤنڈ سٹوریج ٹینک کا منصوبہ بہت افادیت کا حامل ہے- عوامی اہمیت کے حامل منصوبے کا دائرہ کار دیگر شہروں تک بڑھایا جائے گا لہذا محکمہ ہاؤسنگ اس ضمن میں ضروری امور جلد طے کر کے تیزی سے اقدامات کرے - انہوں نے کہا کہ لاہور میں 14 لاکھ گیلن پانی ذخیرہ کرنے کیلئے انڈر گراؤنڈ سٹوریج ٹینک بنایا ہے۔ لیرک کالونی سے گلشن راوی تک نئی سیوریج لائن بچھائی جائے گی اوراس منصوبے پر 14 ارب روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کیلئے کام کر رہے ہیں اوراس منصوبے پر تقریباً 21 ارب روپے خرچ ہوں گے- سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں کرپشن کے مکمل خاتمے کے عزم کے ساتھ دن رات کام کررہے ہیں -موجودہ حکومت نے شفافیت سے سرکاری امور سر انجام دینے کے رجحان کو فروغ دیا ہے- تحریک انصاف کی حکومت کی کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں - ہر سطح پر شفافیت ومیرٹ کے فروغ اور بدعنوانی کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات اٹھائے ہیں -پاکستان میں کرپشن میں کمی اور شفافیت میں اضافہ موجودہ حکومت کا کریڈٹ ہے-انہو ں نے کہا کہ سابق ادوار میں کرپشن اور لوٹ مار کے ذریعے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیااور کرپٹ عناصر نے ذاتی تجوریاں بھریں اور ملک کو کنگال کیا-

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -