کراچی اربن فلڈنگ، بحالی سرگرمیاں این ڈی ایم اے کے حوالے، فوج طلب

  کراچی اربن فلڈنگ، بحالی سرگرمیاں این ڈی ایم اے کے حوالے، فوج طلب

  

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وفاقی کابینہ نے کراچی میں اربن فلڈنگ کے معاملے پر مسلح افواج کی خدمات لینے اور تعیناتی کی منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ نے جمعرات کے روز سرکولیشن کے ذریعے سمری کی منظوری دی۔این ڈی ایم اے نے فوج کی کراچی میں تعیناتی کے حوالے سے سمری وزیر اعظم کو پیش کی تھی۔کابینہ ڈویژن سے وزیر اعظم نے سرکولیشن کے ذریعے سمری کی منظوری کے احکامات دیئے۔دوسری جانب آئی ایس پی آرسے جاری بیان میں کہا گیا کہ کراچی میں اربن فلڈنگ کی صورتحال بہتر بنانے میں سول انتظامیہ کی مدد کے لیے آرمی کو طلب کرلیا گیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز گورنر سندھ عمران اسمعیل نے اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی اور انہوں نے وزیر اعظم کو کراچی میں حالیہ بارشوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال اور تفصیلات سے آگاہ کیا۔عمران خان نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو کراچی میں برساتی نالوں کی صورتحال کے بارے میں تفصیلی جائزہ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کراچی کے عوام کو اس مشکل صورتحال میں تنہا نہیں چھوڑے گی۔ بعد ازاں سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں عمران خان نے کہا کہ میں نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین کو فوری طور پر کراچی جانے اور بارش کے بعد صفائی کا کام شروع کرنے کی ہدایات دی ہیں اور افواج پاکستان کو بھی شہر کی صفائی کے کام میں ہاتھ بٹانے کا کہا ہے۔

فوج طلب

مزید :

صفحہ اول -