کورنا سے مزید 9اموات، 285نئے مریض رپورٹ

  کورنا سے مزید 9اموات، 285نئے مریض رپورٹ

  

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)ملک میں کورونا سے مزید 9 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 5924 ہوگئی جبکہ نئے کیسز سامنے آ نے کے بعد مریضوں کی تعداد 277402 تک جاپہنچی۔اب تک پنجاب میں 2138، سندھ میں 2189 اور خیبر پختونخوا میں 1192 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ اسلام آباد میں 165، بلوچستان میں 136، آزاد کشمیر میں 51 اور گلگت بلتستان میں 53 افراد کا انتقال ہوا ہے۔ بروز جمعرات ملک بھر سے اب تک کورونا کے مزید 285 کیسز اور 9 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جن میں پنجاب سے 203 کیسز 5 ہلاکتیں، اسلام آباد24 کیسز، گلگت مزید 48 کیسز 3 ہلاکتیں اور آزاد کشمیر سے 10 کیسز اور ایک ہلاکت سامنے آئی۔ پنجاب سے کورونا کے 203 کیسز اور 5 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جن کی تصدیق پی ڈی ایم اے کی جانب سے کی گئی۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی کْل تعداد 92655 اور ہلاکتیں 2138 ہو چکی ہیں۔صوبے میں اب تک کورونا کے 85520 مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔وفاقی دارالحکومت سے کورونا کے مزید 24 کیسز سامنے آئے، سرکاری پورٹل پر رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 14987 اور ہلاکتیں 165 ہوگئی ہیں۔اس کے علاوہ شہر میں کورونا سے صحتیاب ہونیوالوں کی تعداد 12377ہوگئی ہے۔گلگت بلتستان سے کورونا کے مزید 48 کیسز اور 3 ہلاکتیں سامنے آئیں۔سرکاری پورٹل کے مطابق گلگت میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 2090 اموات کی تعداد 53 جبکہ صحتیاب ہونیوالوں کی تعداد 1693 ہوگئی۔آزاد کشمیر سے کورونا کے مزید 10کیسز اور ایک ہلاکت سامنے آئی۔آزاد کشمیر میں اب تک مجموعی طور پر 2065 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ وہاں اموات کی تعداد 51 ہے۔آزاد کشمیر میں اب تک کورونا سے 1583 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

کورونا اموات

لاہور (نیوز ایجنسیاں) عیدالاضحی پر لاہور کے شہریوں کو کورونا کی وباء سے محفوظ رکھنے کیلئے لائے گئے سمارٹ لاک ڈاؤن کے تیسرے روز شہر کی بند مارکیٹوں کے تاجر دکانیں کھولنے کیلئے مارکیٹوں میں پہنچ گئے تاہم ان مارکیٹوں میں تعینات پولیس کی بھاری نفری نے تاجروں کی اس کوشش کو ناکام بنا دیا جس پر احتجاجی تاجروں نے اپنی بند مارکیٹوں میں ڈیرے جما لئے اور پنجاب حکومت کیخلاف شدید رد عمل کا اظہار کیا، یہ بھی بتایا گیا ہے کہ آٹو پارٹ سے متعلق شہر کی بعض مارکیٹیں بلال گنج، منٹگمری روڈ سمیت دیگر ملحقہ مارکیٹیں کھلی رہیں جن میں معمول کے مطابق کاروباری سرگرمیاں جاری رہیں۔دوسری طرف انجمن تاجران پاکستان کے صدر مجاہد مقصود بٹ نے عیدالاضحی کے بعد تاجر کو عزت دو مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ملک بھر کے تاجر اس مہم میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔ تاجر برادری اس مہم میں بھر پور حکومت مخالف تحریک چلائے گی، حکو مت نے تاجروں کو اعتماد میں نہ لے کر از خود فیصلہ کیا، کسی بھی ایشو پر تاجروں کے حقیقی نمائندگان کو اعتماد میں لینا چاہئے اور ان سے مذاکرات کرنے چاہیے تھے۔

تاجر اعلان

مزید :

صفحہ اول -