بچوں پر سیسے کے زہریلے اثرات، متاثرہ ممالک میں انڈیا سرفہرست، پاکستان تیسرے نمبر پر

  بچوں پر سیسے کے زہریلے اثرات، متاثرہ ممالک میں انڈیا سرفہرست، پاکستان ...

  

اسلام آباد،لندن (این این آئی)لیڈ یا سیسے کے زہریلے اثرات کے بارے میں عالمی سطح پر ایک نئی تحقیق کے مطابق سیسے سے متاثر بچوں کی تعداد کے لحاظ سے پاکستان دنیا میں تیسر ے جبکہ انڈیا پہلے نمبر پر ہے۔یہ رپورٹ بچوں سے متعلق اقوامِ متحدہ کے ادارے یونیسف اور پیور ارتھ نامی ادارے نے مشترکہ طور پر تیار کی ہے۔رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں ہر تین میں سے ایک بچہ سیسے کے زہریلے اثرات کا شکار ہے جس سے ان کی صحت کو ناقابلِ علاج نقصان پہنچ سکتا ہے۔ دنیا بھر میں 80 کروڑ بچے سیسے سے متاثر ہیں جن کی زیادہ تعداد ترقی پذیر ممالک میں ہے۔قبل ازیں اس مسئلے کو اتنے بڑے پیمانے پر نہیں دیکھا گیا۔سیسے سے متاثر بچوں کی عالمی تعداد کا لگ بھگ نصف جنوبی ایشیا میں ہے جبکہ پاکستا ن میں ایسے بچوں کی تعداد چار کروڑ دس لاکھ سے زیادہ ہے۔رپورٹ میں یونیورسٹی آف واشنگٹن کے انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ میٹرکس اینڈ ایویلوویشن کے اعداد و شمار کا تجزیہ کیا گیا ہے۔سیسے کے زہریلے اثرات بچوں کے دماغ، اعصابی نظام، دل، پھیپھڑوں اور گردوں کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچاتے ہیں۔ سیسہ ایک نیورو ٹوکسن ہے جس کی بہت کم مقدار بھی ذہا نت میں کمی، متوجہ ہونے کے وقت میں کمی اور زندگی میں آگے چل کر پرتشدد اور مجرمانہ رویے کا باعث ہو سکتی ہے۔رحمِ مادر سے لے کر پانچ برس کے بچوں کو زندگی بھر کیلئے دماغی ا مرا ض اور جسمانی معذوریوں اور یہاں تک کے ہلاک ہونے کا زیادہ خطرہ ہے۔سیسے کے زہر سے متاثر دوسرا بڑا خطہ افریقہ ہے جہاں نایئجیریا سب سے زیادہ متاثر ہے۔ رپور ٹ میں بتایا گیا ہے کہ انڈیا پہلے نمبر پر جبکہ نایئجیریا، پاکستان اور بنگلہ دیش دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔رپورٹ کے مطابق ایسی بیٹریوں کی ری سائیکلنگ جن میں سیسے کا تیزاب استعمال ہوتا ہے سب سے بڑا ذریعہ ہیں۔ جبکہ ای ویسٹ یعنی استعمال شدہ الیکٹرانک اشیا بعض مصالحے جن میں نقصان دہ اشیا شامل کی جاتی ہیں، عمارتوں پر کیے جانیوالے رنگ اور بعض کھلونے بھی وہ ذرائع ہیں جو سیسے کے زہریلے اثرات پھیلانے کا سبب ہیں۔رپورٹ کے مصنفین میں سے ایک نیکولس ریس کے مطابق 2000ء سے اب تک ترقی پذیر و غریب ممالک میں گاڑیوں کی تعداد میں تین گنا اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے لیڈ ایسڈ بیٹریوں کو دوبارہ قابل استعمال بنانے کا کام بھی بہت بڑھا ہے۔ ایسا اکثر غیر محفوظ طریقے سے کیا جاتا ہے۔ دنیا میں تیار ہونیوالے سیسے کا 85 فیصد بیٹریاں بنانے میں استعمال کیا جاتا ہے جن میں سے زیادہ تر گاڑیوں کی دوبارہ استعمال شدہ بیٹریوں سے حاصل کیا جاتا ہے۔ یونیسف کے مطابق پاکستان میں چار کروڑ دس لاکھ بچوں کے خون میں سیسے کی سطح پانچ مائکرو گرام فی ڈیسی لیٹر سے زیادہ ہے جوکہ عالمی ادارہ صحت کے معیا ر کے مطابق تشویشناک سطح ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پانچ سال سے کم عمر زیادہ خطرے میں ہیں کیونکہ ان کے دماغوں کو پوری طرح نشو نما پانے سے پہلے ہی اتنا نقصان پہنچ سکتا ہے کہ وہ تمام عمر کیلئے ذہنی معذوریوں کا شکار ہو سکتے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے جسم کے وزن کے تناسب سے بچے بڑوں کے مقابلے میں خوراک، مائع اور ہوا کا استعمال پانچ گنا زیادہ کرتے ہیں۔نیکولس ریس کے مطابق اس کا مطلب ہے وہ اس زہر کو بھی زیادہ استعمال کر سکتے ہیں اگر یہ مٹی اور ہوا میں شامل ہے اور ایسی جگہ پر موجود ہے جہاں بچے بھی ہیں۔ بچوں کے سیسے سے متاثر ہونے کا ایک مسئلہ یہ بھی ہے کہ اس کی علامات عموماً بڑے ہونے تک سامنے نہیں آتیں۔ڈاکٹر مہدی کا کہنا ہے کہ اس بارے میں آگہی کا فقدان بھی ایک مسئلہ ہے۔

سیسہ مضر اثرات

مزید :

صفحہ آخر -