عید کے موقع پر لاہوریوں کے لیے بڑی خوشخبری، اعلان کردیا گیا

عید کے موقع پر لاہوریوں کے لیے بڑی خوشخبری، اعلان کردیا گیا
عید کے موقع پر لاہوریوں کے لیے بڑی خوشخبری، اعلان کردیا گیا

  

لاہور(لیاقت کھرل)سی ٹی او لاہورکیپٹن ریٹائرڈ سید حماد عابد نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے ایام میں عام شہریوں کےچالان نہیں ہوں گے۔ون ویلنگ اور ہلڑ بازی کم عمر ڈرائیورز کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کے لیے حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔چالان صرف اور صرف ٹریفک کی سنگین خلاف ورزی پر کیا جائے گا۔

سید حماد عابد نے روزنامہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سی سی پی او لاہور ذولفقار حمید کی ہدایت پر عیدالاضحی کے موقع پر اس سال پہلے کی نسبت ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے نئے سرے سے حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔جس میں شہر کی اہم شاہراہوں اور چوراہوں سمیت پارکوں میں پہلے سے زیادہ ٹریفک وارڈنز تعنیات ہوں گے۔سٹی ٹریفک پولیس کے ڈی ایس پیز اور ایس پیز اور وہ خود اہم مقامات پر موجود ہوں گے جبکہ سیکٹرز انچارج اور سٹی ٹریفک پولیس کے پٹرولنگ افسران کو بھی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر سٹی ٹریفک پولیس مکمل طور پر ہائی الرٹ رہے گی اور اس مقصد کے لیے وہ خود مانیٹرنگ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس مویشی منڈیوں کے ارد گرد واقع شاہراہوں اور اور سڑکوں سمیت چوراہوں پر ڈیوٹی دے رہی ہے اور عیدالاضحی کے موقع پر بھی مویشی منڈیوں میں ڈیوٹی کے اس سلسلے کو جاری رکھا جائے گا۔سی ٹی او نے بتایا کہ عید الاضحی کے موقع پر سٹی ٹریفک پولیس کو لاہور پولیس کی مکمل معاونت اور مدد حاصل ہوگئی جس میں سٹی ٹریفک پولیس اور لاہور پولیس ملکر عیدالاضحی پر شہریوں کی خدمت کرے گی۔جس میں تھانوں کی پولیس کے ساتھ ساتھ پیرو سکواڈ اور ڈولفن فورسز کی بھی مدد حاصل ہوگی۔جس کا مقصد عید پر شہر کو ٹریفک حادثات سے فری بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر عام شہریوں کے چالان نہیں ہوں گے اور اس مقصد کے لیے ٹریفک وارڈنز کو منع کر دیا گیا ہے اور اس میں ٹریفک کی معمولی خلاف ورزی پر شہریوں کو ایجوکیٹ کرتے وارننگ دی جائے گی سی ٹی او لاہور نے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر ون ویلنگ اور ہلڑ بازی سمیت کم عمر ڈرائیوری کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا اور ون ویلنگ، ہلڑ بازی اور کم عمر ڈرائیورز کےخلاف کارروائی جاری رہےگی جبکہ اس کے ساتھ ساتھ شہر میں غیر نمونہ نمبر پلیٹس کےخلاف مہم بھی عیدالاضحیٰ کے بعد دوبارہ شروع کی جائے گی۔

دوسری جانب سی ٹی او لاہور سید حماد عابد نے روزنامہ پاکستان کی وساطت سے عیدالاضحیٰ کی چھٹیوں میں والدین سے خصوصی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ والدین کم عمر بچوں کو موٹر سائیکل اور گاڑی نہ دیں۔انہوں نے کہا کہ کم عمر ڈرائیورز کیوجہ سے حادثات کا اندیشہ رہتا ہے۔ جس کی بنا پر عیدالاضحی کے موقع پر بھی کم عمر ڈرائیورز کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا اور عید الاضحی کے موقع پر ون ویلنگ اور کرتب دکھانے والوں کو گاڑی سمیت تھانوں میں بند کروایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عید پر ون ویلنگ اور کرتب دکھانے والوں سمیت کم عمر ڈرائیورز کےخلاف کریک ڈاؤن کے لیے سخت حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔

سی ٹی او لاہور کیپٹن ریٹائرڈ سید حماد عابد نے روزنامہ پاکستان کو مزید بتایا کہ ون ویلرز ۔ہلڑ باز اورکم عمر ڈرائیورز کی موٹرسائیکل، گاڑی اور رکشہ کو ایک چوراہے سے دوسرے چوراہے تک جانے نہیں دیا جائے گا اور اسی وقت گاڑی قبضہ میں لے کر ڈرائیور سمیت گاڑی کو متعلقہ تھانے میں بند کروادیا جائے گا۔اس لیے والدین کو چائیے کہ وہ عیدالاضحی کے موقع پر اپنے بچوں کو موٹر سائیکل اور گاڑی نہ دیں اس سے ٹریفک حادثات میں کمی آئے گی۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -