قیدیوں نے فیملیز کے ساتھ عید منانے کے لیے عدالت کا در کھٹکھٹا دیا

قیدیوں نے فیملیز کے ساتھ عید منانے کے لیے عدالت کا در کھٹکھٹا دیا
قیدیوں نے فیملیز کے ساتھ عید منانے کے لیے عدالت کا در کھٹکھٹا دیا

  

لاہور(ویب ڈیسک) عید قرباں اپنے پیاروں کے سنگ منانے کے لیے قیدیوں نے لاہور ہائیکورٹ سمیت ماتحت عدالتوں میں ضمانت کیلئے سینکڑوں درخواستیں دائر کر دیں۔

عید سے پہلے عدالتوں اور وکلاءکے چیمبرز میں رش بڑھ گیا ہے، کوئی گرفتاری سے بچنے کے لیے کوشاں ہے تو کسی کو بعد از گرفتاری ضمانت درکار ہے جب کہ متعدد گرفتار ملزمان بھی پرمسرت تہوار اپنوں کے ساتھ منانے کے خواہش مند ہیں۔عدالتوں میں آئے مختلف مقدمات میں اسیر ملزموں کے عزیز و اقارب پرامید ہیں کہ وہ اپنے پیاروں کی عید سے پہلے ضمانت حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

ہم نیوز کے مطابق ایک خاتون نے کہا کہ میں یہاں اپنے بیٹے کی ضمانت کے لیے آئی ہوں میرے بیٹے کی ضمانت ہو گئی ہے خوشی کہ وہ اس بار ہمارے درمیان ہوگا۔قانونی ماہرین کے مطابق عید سے پہلے عدالتوں کی جانب سے ریلیف دیا جانا خوش آئند ہے، کورونا کے باعث متعدد کیسز التوا کا شکار ہیں ان کا بھی نوٹس لیا جانا چاہیے۔

خیال رہے کہ لاہور ہائی کورٹ میں ایک سو سے زائد، سیشن کورٹ میں دو سو تئیس، ضلع کچہری میں ایک سو تین، کینٹ کچہری میں اٹھانویں اور ماڈل ٹاؤن کچہری میں ایک سو سات ضمانتیں دائر ہوئی ہیں۔عدالتی راہداریوں میں کئی ماہ سے چکر لگانے والے سائلین کہتے ہیں اگر عید سے پہلے ان کے پیارے گھر پہنچ جائیں تو خوشیاں دوبالا ہو جائیں گی۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -