پی سی بی نے 2022ءمیں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی آس لگا لی

پی سی بی نے 2022ءمیں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی آس لگا لی
پی سی بی نے 2022ءمیں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی آس لگا لی

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 2022ءمیں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی آس لگا لی ہے اور پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وسیم خان کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے حالیہ دورہ انگلینڈ کا فیصلہ صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ عالمی کرکٹ کے مفاد میں کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وسیم خان کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل میچز کی بحالی تمام ملکوں کیلئے اہمیت کی حامل ہے، سب جانتے تھے کہ اگر مزید6ماہ کرکٹ نہ ہوئی تو بے پناہ مسائل ہوں گے اس لئے تمام تر حفاظتی تدابیر کا خیال رکھتے ہوئے مقابلوں کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ میں ویسٹ انڈیز نے سیریز کھیلی،اب پاکستان ٹیم بھی ایکشن میں نظر آنے والی ہے،اس سیریز سے یقینی طور پر مستقبل میں ملکی کرکٹ کا فائدہ ہوگا، اگر پوچھا جائے کہ کوئی ڈیل ہوئی تو بالکل نہیں، ابھی ان باتوں کا وقت نہیں تھا کہ مطالبات کئے جاتے، ای سی بی سے 2022 میں دورے کے حوالے سے بات چیت جاری رہے گی، امید ہے کہ وہ مناسب وقت پر درست فیصلہ کریں گے۔

یاد رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم نے آخری بار 2005ءمیں پاکستان کا دورہ کیا تھا،پی سی بی کی خواہش ہوگی کہ17 سال ایک بار پھر انگلش کرکٹرز ملکی میدانوں کی رونقیں بحال کریں۔ وسیم خان نے کہا کہ انگلینڈ کیخلاف سیریز کی تیاریاں بڑے اچھے انداز میں ہوئی ہیں، طویل وقفے کے بعد میدان میں اترنے والے کرکٹرز کے ساتھ مینجمنٹ نے بڑی جانفشانی سے کام کیا۔

مزید :

کھیل -