مودی بابری مسجد کی جگہ اور ہمارے حکمران اسلام آبادمیں۔۔۔۔سراج الحق نے تشویش ناک خدشے کا اظہار کردیا

مودی بابری مسجد کی جگہ اور ہمارے حکمران اسلام آبادمیں۔۔۔۔سراج الحق نے تشویش ...
مودی بابری مسجد کی جگہ اور ہمارے حکمران اسلام آبادمیں۔۔۔۔سراج الحق نے تشویش ناک خدشے کا اظہار کردیا

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ مودی کشمیر میں مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیل رہا ہے جبکہ انسانی حقوق کے نام نہاد اداروں کی طرح ہمارے حکمران بھی سوئے ہوئے ہیں،قوم کو کشمیر کی آزادی اور پاکستان کے اسلامی تشخص کی حفاظت کیلئے جاگنا ہوگا،جماعت اسلامی 4اگست کواسلام آباد میں کشمیر کی آزادی کیلئے مشاورتی کانفرنس اور 5اگست کو ملک بھر میں یوم سیاہ منائے گی،مودی بابری مسجد کی جگہ اور ہمارے حکمران اسلام آبادمیں مندر تعمیر کررہے ہیں ،معلوم ہوتا ہے دونوں کا ایجنڈا ایک ہے ،آیا صوفیہ مسجد کی 86سال بعد بحالی پر ترک عوام اور پوری امت مسلمہ کو مبارک باد ۔ترک عوام اس لئے بھی مبارک باد کے مستحق ہیں کہ ان کو مسجدیں آباد کرنے والے حکمران ملے،مغرب کے غلام حکمرانوں سے کو ئی توقع رکھنا خود کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے،قوم نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ کیلئے کمر بستہ ہوجائے تو تمام مسائل حل ہوسکتے ہیں۔

جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ 5اگست 2019کے بھارتی اقدام کے بعد مودی مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کیلئے مسلمانوں کا قتل عام کررہا ہے اور بھارت سے ہزاروں کی تعداد میں آرایس ایس کے غنڈوں کو کشمیر میں بسایا جارہا ہے،ان غنڈوں کو ہر طرح کا اسلحہ دیکر فوجی بیرکوں میںمیں رکھا گیا ہے،حالات بتا رہے ہیں کہ مسلمانوں کے خون کا پیاسا مودی وادی میں بڑے پیمانے پر مسلمانوں کی نسل کشی کا گھناؤنا کھیل کھیلنے والا ہے مگر ہمارے حکمران خواب غفلت سے بیدار ہونے کو تیار نہیں ۔انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے وجود کو مٹانے پر تلا ہوا ہے حکمران حکومت سابقہ حکومتوں کی طرح بھارت کے ساتھ آلو پیاز کی تجارت اور فنکاروں اور اداکاروں کے طائفوں کے تبادلوں کیلئے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی اورشہداءکے خون سے بے وفائی کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کی پوری قیادت اور چار ہزار سے زائد جماعت اسلامی کے کارکنان جیلوں میں بند ہیں ،کشمیرکی آزادی پاکستان کی سا لمیت ،بقا اور تحفظ کی ضامن ہے،کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے،قوم حکمرانوں کو کشمیر میں گرنے والے مقدس خون کا سودا نہیں کرنے دے گی۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ مودی نے الیکشن میں انتہا پسند ہندوؤں سے بابری مسجد کی جگہ مندر کی تعمیر ،مقبوضہ کشمیر کو بھارتی ریاست بنانے اور آزاد کشمیر پر چڑھائی کے وعدے کئے تھے مودی اپنے تین وعدوں میں سے دوپورے کرچکا ہے جبکہ ہمارے حکمران قوم سے کیا گیا کوئی ایک وعدہ پورا نہیں کرسکے۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -