بھارت کے امیر ترین آدمی کے بھائی انیل امبانی کو بڑا جھٹکا، بینک نے دفاتر پر قبضہ کرلیا مگر کیوں؟ جان کر آپ کو بھی عرش سے فرش پر آنے کی مثال سمجھ آجائے گی

بھارت کے امیر ترین آدمی کے بھائی انیل امبانی کو بڑا جھٹکا، بینک نے دفاتر پر ...
بھارت کے امیر ترین آدمی کے بھائی انیل امبانی کو بڑا جھٹکا، بینک نے دفاتر پر قبضہ کرلیا مگر کیوں؟ جان کر آپ کو بھی عرش سے فرش پر آنے کی مثال سمجھ آجائے گی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کے امیر ترین شخص مکیش امبانی کے بھائی انیل امبانی کے دفاتر قرض ادا نہ ہونے پر بینک نے قبضے میں لے لیے۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق انیل امبانی کے گروپ کی کئی کمپنیوں کی مالی حالت انتہائی ناگفتہ بہ چل رہی ہے اور کچھ دیوالیہ ہو چکی ہیں۔ گروپ اپنے شیئر کی ایک بڑی تعداد بھی فروخت کر چکا ہے۔ اس کے ذمہ نجی شعبے کے ’یس بینک‘ (Yes Bank)کے 2ہزار 892کروڑ روپے واجب الادا تھے جو ادا نہ ہونے پر یس بینک نے ان کا سانتا کروز میں واقع دفتر قبضے میں لے لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس مرکزی دفتر کے علاوہ ممبئی کے جنوبی علاقے میں واقع دو ذیلی دفاتر بھی بینک نے قبضے میں لے لیے ہیں۔ انیل دھرو بھائی امبانی گروپ (اے ڈی اے جی)کی لگ بھگ تمام کمپنیاں سانتا کروز کے دفتر ہی سے چل رہی تھیں۔ یس بینک کی طرف سے ریلائنس انفراسٹرکچر کو6مئی کو قرض کی ادائیگی کا نوٹس دیا تھا۔ 60دن کے نوٹس کے باوجود گروپ واجبات کی ادائیگی نہیں کر سکا جس پر بینک نے تینوں جائیدادوں پر قبضہ کر لیاہے۔ بینک کی طرف سے عوام الناس کو خبر دار کر دیا گیا ہے کہ وہ ان جائیدادوں سے متعلق کوئی لین دین نہ کریں۔
واضح رہے کہ اے ڈی اے جی گروپ سانتا کروز میں واقع اسی ہیڈکوارٹر کو لیز پر دینا چاہتا تھا تاکہ قرض کی ادائیگی کر سکے۔ اس دفتر کا رقبہ 21ہزار 432مربع میٹر ہے۔ جنوبی ممبئی کے علاقے ناگن محل میں واقع دیگر دو دفاتر کا رقبہ بالترتیب 1ہزار 717مربع فٹ اور 4ہزار 936مربع فٹ ہے۔