کورونا کی وجہ سے بیروزگار ہونے والے سکیورٹی گارڈ کی 69 کروڑ کی لاٹری نکل آئی
کنبرا(مانیٹرنگ ڈیسک) کروڑوں لوگوں کی طرح آسٹریلیا کے اس سکیورٹی گارڈ کی نوکری بھی کورونا وائرس نگل گیا اور وہ کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہو گیا تاہم اب اسے ایسی خوشخبری مل گئی ہے کہ وہ سارے غم بھول گیا۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق آسٹریلوی شہر پرتھ کے رہائشی اس بیروزگار شخص کی 58لاکھ آسٹریلوی ڈالر(تقریباً 69کروڑ روپے) کی لاٹری نکل آئی ہے۔ اس نے ’اوز لوٹو‘ کا ٹکٹ خرید رکھا تھا۔ لاٹری نکلنے کئی دن گزر چکے تھے اور اس نے ٹکٹ ہی چیک نہیں کیا تھا۔ ایک دن اس نے خبروں میں سنا کہ اوز لاٹری جیتنے والے نامعلوم شخص کا اب تک کچھ پتا نہیں چل سکا۔ خبروں میں اس نیوز ایجنٹ کا بھی بتایا گیا جس سے اس نے ٹکٹ خریدا تھا۔ یہ سن کر اس نے اپناٹکٹ چیک کیا تو اس کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ رہا کہ وہ نامعلوم شخص خود وہی تھا۔ اس شخص کا کہنا تھا کہ ”جب میں نے ٹکٹ چیک کیا تو میں خوشی سے اچھل پڑا۔ میرا دل چاہا کہ میں فوری گھر جا کر سب سے پہلے اپنی بیٹی کو گلے لگاﺅں اور اسے یہ خوشخبری سناﺅں۔ میں ہمیشہ کہتا تھا کہ زندگی ایک خواب ہو سکتی ہے۔ میرا اس طرح لاٹری جیتنا واقعی مجھے خواب جیسا لگ رہا ہے۔ “