پی سی بی نے پی ایس ایل فرنچائزز کو ”ہری جھنڈی“ دکھا دی، تین ٹیموں کیساتھ ایسا کام کر دیا کہ ہر کوئی حیران رہ جائے

پی سی بی نے پی ایس ایل فرنچائزز کو ”ہری جھنڈی“ دکھا دی، تین ٹیموں کیساتھ ...
پی سی بی نے پی ایس ایل فرنچائزز کو ”ہری جھنڈی“ دکھا دی، تین ٹیموں کیساتھ ایسا کام کر دیا کہ ہر کوئی حیران رہ جائے

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فرنچائزز کیساتھ تعلقات مزید کشیدہ ہونے پر مفاہمتی انداز اپنانے سے گریز کرتے ہوئے ٹیم مالکان کو سخت جواب بھیج دیا ہے جبکہ مالی ذمہ داریاں اور سپانسر شپ معاہدوں کی تفصیل شیئر نہ کرنے پر تین ٹیموں کو بات چیت کے عمل سے بھی ہٹا دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 28 جولائی کو شیڈول گورننگ کونسل کی میٹنگ آخری لمحات میں ملتوی ہونے پر فرنچائزز نے بورڈ کو سخت ای میل بھیج کر احتجاج ریکارڈ کرایا تھا لیکن اس کے ردعمل میں بورڈ نے مفاہمتی انداز اپنانے سے گریز کرتے ہوئے مزید سخت جواب بھیج دیا، ذرائع کے مطابق مالکان کو خط میں فرنچائزز کی ای میل کے انداز پر شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے آگے بڑھنے کیلئے اس پرنظرثانی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ایگزیکٹو شعیب نوید نے ای میل میں کہا کہ گورننگ کونسل کی گزشتہ میٹنگ میں واضح طور پر یہ طے ہو گیا تھا کہ بات چیت کو آگے بڑھانے کیلئے فرنچائزز کو پہلے مالی ذمہ داریاں مکمل اور سپانسر شپ معاہدے جمع کرانا ہوں گے، حاصل شدہ معلومات اور آڈٹ شدہ اکاﺅنٹس جاری بات چیت میں آگے بڑھنے کا اہم ذریعہ ہیں، کئی اہم معاملات جیسے ڈالر کے ریٹ پر حتمی فیصلہ گورننگ کونسل میٹنگ میں ہونا ضروری ہے۔

خط میں مزید لکھا گیا کہ اس معاملے پر فرنچائزز سے اصل تبادلہ خیال27 جولائی کو ہوا جس کے فوری بعد پی سی بی نے کنسلٹنٹ سے میٹنگ کی درخواست کر دی اور فرنچائزز نے جو نکتے اٹھائے ان کا بروقت جواب دیدیا، جن تین ٹیموں نے اپنی مالی ذمہ داریاں مکمل اور ضروری دستاویزات جمع کرا دی ہیں اب ہم ان کے ساتھ ہی معاملات آگے بڑھانے کے خواہشمند ہیں اور انہیں اس حوالے سے جلد آگاہ کر دیا جائے گا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ ہم فرنچائزز کی اس بات سے متفق ہیں کہ ذمہ داریاں مکمل کرنے والی ٹیموں کو بھی دیگر کی وجہ سے پریشانی کیوں اٹھانا پڑے؟ نادہندہ ٹیموں کے نمائندے اب کسی بات چیت کا حصہ ہوں گے نہ ہی انہیں کسی مثبت فیصلے سے فائدہ اٹھانے کا موقع دیا جائے گا۔

مزید :

کھیل -