ایم کیوایم اور تحریک انصاف کے نمائندے عوام کے لئے کچھ کرنے کو تیار نہیں،سعید غنی اور ناصر شاہ نے بلاول بھٹو زرداری کے سامنے دل کے پھپھولے پھوڑ دیئے
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے پی پی رہنماؤں اور سندھ حکومت کے وزراء کی اہم ملاقات۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے صوبائی وزرا سعید غنی اور سید ناصر حسین شاہ نے بلاول ہاؤس میں ملاقات کی، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو پی پی کراچی کے صدر سعید غنی نے شہرقائد کی سیاسی صورت حال سے آگاہ کیا، سعید غنی نے کہا کہ کچھ عناصر شہر قائد کے مسائل کے حل کے بجائے ان کی بنیاد پر اپنی مذموم سیاست چمکانے کی کوشش کرتے ہیں،شہر قائد سے منتخب ایم کیوایم اور پی ٹی آئی کے نمائندے عوام کے لئے کچھ کرنے کو تیار نہیں، سندھ حکومت اور پی پی پی کے جیالے رہنما و کارکنان بارشوں کے بعد کے حالات میں عوام کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو سندھ کے وزیر بلدیات ناصر شاہ نے کراچی سمیت پورے سندھ کی انتظامی صورت حال پر بریف کیا،بلاول بھٹو زرداری نے ناصر حسین شاہ سے بارشوں کے بعد شہر قائد کی صورت حال کے حوالے بھی دریافت کیا،ناصر شاہ نے کہا کہ انتظامی طور پر ایم کیوایم کی شہری حکومت کے تحت کراچی میں نکاسی کا نظام تباہ ہوچکا ہے،سندھ حکومت نے تمام سٹیک ہولڈرز کو دعوت دی ہے کہ وہ الزام تراشیوں کے بجائے مسائل کے حل کیلئے آگے آئیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہر قائد کے مسائل کے حل کے سلسلے میں پاکستان پیپلزپارٹی اور سندھ حکومت کے کردار کی حوصلہ افزائی کی۔