پٹرول اور چینی کی قیمتوں میں اضافہ،شہباز شریف بھی میدان میں آگئے

پٹرول اور چینی کی قیمتوں میں اضافہ،شہباز شریف بھی میدان میں آگئے
پٹرول اور چینی کی قیمتوں میں اضافہ،شہباز شریف بھی میدان میں آگئے

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف شہباز شریف شریف کی پٹرول، چینی کی قیمتوں میں اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ظالم حکومت عوام کو خود کشی پر مجبور کر رہی ہے،عید کے موقع پر عوام پر ایک اور پٹرول بم پھینک دیاگیا۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پٹرول اور چینی کی قیمتوں میں اضافہ کرکےعید کے موقع پر عوام پر ایک اور پٹرول بم پھینک دیاگیا،چینی سو روپے کلو فروخت ہونا ثبوت ہے کہ ملک پر مافیا کا کنٹرول ہے،پانچ سال مسلم لیگ ن کی حکومت میں 52 روپے فروخت ہونے والی چینی 100 روپے کلو عوام کو مل رہی ہے، یہ ہے تبدیلی؟ یہ ہے نیا پاکستان؟۔انہوں نے کہا کہ عید پہ چینی اور پٹرول مہنگا کر کے عمران نیازی کی حکومت نے عوام اور غریب دشمنی کا مظاہرہ کیا ہے.اس سے قبل شہبازشریف نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عیدالاضحٰی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس مرتبہ حج اور عید قربان وبا کے ماحول میں آئی ہے، عوام مشکل صورتحال سے دوچار ہیں،او آئی سی اور دیگر اسلامی تنظیموں اور ممالک کو قربانی کا گوشت شام سمیت دیگر خطوں میں موجودہ مستحق مسلمانوں تک پہنچانے کا خصوصی انتظام کرنا چاہئے۔انہوں نےکہا کہ اس مبارک دن اللہ تعالی سے بخشش ومغفرت طلب کرتے ہوئے امت مسلمہ کی سربلندی، اتحاد، مسائل وامراض سے نجات اور مقبوضات کی آزادی کے لئے خصوصی دعا کی جائے۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے عید الاضحی سے ایک روز قبل پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 6 روپے 62 پیسے فی لیٹر تک اضافہ کردیا ہے،جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 86 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 103 روپے 97 پیسے ہو گی، ہائی سپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے اور اس کی نئی قیمت 106 روپے 46 پیسے مقرر کی گئی ہے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت 5 روپے 97 فی لیٹر پیسے اضافے سے 65 روپے 29 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 6 روپے 62 پیسے فی لیٹر اضافے سے 62 روپے 86 پیسے کردی گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔

مزید :

قومی -