برسے گی ابرِ رحمت یا جھلسیں گے بدن؟ گرمی کے ستائے پاکستانیوں کیلئے بڑی خبر
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کل (اتوار کے روز) کشمیر، اسلام آباد، بالائی اور وسطی پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے ۔ اس دوران بالائی پنجاب اور خیبر پختونخوا میں موسلا دھار بارش کی بھی توقع ہے جب کہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبہ پنجاب کے خطۂ پوٹھوہار، سیالکوٹ، گجرات، نارووال، لاہور، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤا لدین، فیصل آباد، سرگودھا، میانوالی، لیہ، بھکر، ڈیرہ غازی خان اور بہاولنگرمیں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران خطۂ پوٹھوہار،راولپنڈی ، سرگودھا، نارووال، سیالکوٹ ،گوجرانوالہ، گجرات، فیصل آباد اور لاہورمیں موسلا دھار بارش کی بھی توقع ہے۔ اسلام آباد میں مطلع جزوی طور پرابر آلود رہنے کے علاوہ تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔
سندھ کے بیشتر جنوبی اضلاع میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ کراچی ، ٹھٹہ، بدین اور تھر پارکرمیں ہلکی بارش اور بوندا باندی کی توقع ہے۔ خیبر پختونخوا کے اضلاع ایبٹ آباد، مانسہرہ، کوہستان، شانگلہ، بونیر، سوات، دیر، مالاکنڈ، مردان، صوابی، چارسدہ، پشاور، کرم، کوہاٹ، بنوں، وز یرستان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ بلوچستان کے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔