دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کا دلچسپ نتیجہ آگیا

دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کا دلچسپ نتیجہ آگیا
دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کا دلچسپ نتیجہ آگیا
سورس: Twitter

  

گیانا(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے ٹی 20 میچ میں سات رنز سے شکست دیدی۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم 158 رنز کے تعاقب میں 150 رنز بناسکی۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے بیٹںگ کا آغاز کچھ اچھا نہ رہا اور اوپننگ بلے باز فلیچر پہلے ہی اوور میں محمد حفیظ کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے۔جس کے بعد کرس گیل اور لیوس نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو آگے بڑھایا،تاہم کرس گیل 20 گیندوں پر 16 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے،ان کی وکٹ حسن علی نے حاصل کی۔کرس گیل کے آؤٹ ہونے کے بعد ویسٹ انڈیز کے بلے باز کھل کر رنز نہ بناسکے، پاکستانی سپن باؤلرز نے شاندا کارکردکی کا مظاہرہ کیا، محمد حفیط نے چار اوورز میں چھ رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی۔ اس دوران ہیٹمائر رن رن ریٹ بڑھانے کی کوشش کے دوران 18 گیندوں پر 17 رنز بناکر محمد وسیم کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔14 ویں اوور میں لیوس انجرڈ ہوکر باہر چلے گئے،جس کے بعد پوران نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور پاکستانی باؤلرز کے خلاف وکٹ کے چاروں جانب زور دار شاٹس کھیلے۔آخری اوور میں ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 20 رنز درکار تھے۔تاہم کپتان کیرن پولارڈ آخری اوور کی دوسری گیند پر13ر نز بناکر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے نکلس پوران 62 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں  سات وکٹوں کے نقصان پر  157 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 51 رنز بنائے جب کہ محمد رضوان 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا گیا تو شرجیل خان اور محمد رضوان نے پاکستان کی طرف سے بیٹنگ کا آغاز کیا۔ اوپنر جوڑی نے 46 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا تاہم شرجیل خان 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد محمد رضوان کا ساتھ دینے کیلئے بابر اعظم آئے اور دونوں نے مجموعے کو 113 تک پہنچادیا لیکن وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان رن آؤٹ ہوگئے۔

سولہ اوورز کا کھیل مکمل ہوا تو بارش کے باعث میچ کو روکنا پڑا جس کے بعد پاکستان کی بیٹنگ لائن سنبھل ہی نہ پائی ۔ پاکستانی کھلاڑی بارش کی بوندوں کی طرح ایک کے بعد ایک کرکے گرتے چلے گئے۔ بارش کے  کچھ دیر بعد میچ دوبارہ شروع ہوا تو پہلی ہی گیند پر بابر اعظم آؤٹ ہوگئے۔ بارش کے بعد پاکستان کی جانب سے فخر زمان 15 اور محمد حفیظ صرف چھ رنز ہی بنا سکے۔ تمام بلے بازوں کے پویلین لوٹ جانے پر 19 ویں اوور میں حسن علی کو اس امید پر بیٹنگ کیلئے بھیجا گیا کہ وہ بڑے شارٹس لگائیں گے لیکن وہ کھاتہ کھولے بغیر ہی آؤٹ ہوگئے۔ دوسرے اینڈ پر کھڑے صہیب مقصود بھی صرف پانچ رنز بنا کر اگلی ہی گیند پر چلتے بنے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر نے چار اور ڈوین براوو نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا پہلا میچ بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا تھا۔پاکستان  اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹی 20 سیریز چار میچوں پر مشتمل ہے۔پاکستانی ٹیم میں محمد رضوان، شرجیل خان، بابر اعظم، فخر زمان، محمد حفیظ،صہیب مقصود، شاداب خان، حسن علی، عثمان قادر، محمد وسیم اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں کپتان کیرن پولارڈ، لیوس، کرس گیل، پوران، ہیٹمائر، جیسن ہولڈر، اینڈرے فلیچر، براوو،شیفرڈ، والش اور عقیل حسین شامل ہیں۔

مزید :

اہم خبریں -کھیل -Breaking News -