ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن )بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور نے اپنے اور اہلیہ اداکارہ عالیہ بھٹ کے درمیان عمر کے فرق سے متعلق دلچسپ انکشاف کیا ہے۔
یہ بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں کہ عالیہ بھٹ کو رنبیر کپور بچپن سے ہی بے حد پسند تھے، بعدازاں لمبے عرصے تک دونوں نے ایک دوسرے کو ڈیٹ کیا اور اپریل 2022 میں شادی کرلی۔دونوں کے درمیان 11 برس کا فرق ہے اور اسی حوالے سے اداکار نے اپنی اور عالیہ کی پہلی ملاقات کے حوالے سے دلچسپ تفصیلات شیئر کی ہیں۔ایک انٹرویو کے دوران رنبیر کپور نے بتایا کہ میری اور عالیہ کی پہلی ملاقات کے وقت اداکارہ کی عمر 9 اور میری عمر 20 سال تھی۔ عالیہ انتہائی قابل اور نفیس انسان ہیں، میں خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ میری شادی ایسی لڑکی سے ہوئی جو میری بیسٹ فرینڈ ہے، ہم دونوں گھنٹوں ایک دوسرے سے باتیں کرسکتے ہیں، ہمارے درمیان 11 سال کا فرق ہے جو ایک مضحکہ خیز بات ہے۔ہماری پہلی ملاقات ایک فوٹو شوٹ کے سلسلے میں ہوئی جب عالیہ 9 اور میں 20 برس کا تھا، معروف فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی چائلڈ میرج پر مبنی فلم 'بالیکا ودھو' بنانا چاہتے تھے جس میں عالیہ اور میرا کردار مرکزی ہونا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت میری اور عالیہ کی وہ پہلی ملاقات تھی جبکہ اب مجھے یہ سب کہنا انتہائی عجیب لگتا ہے۔میں عالیہ کی بطور اداکارہ، بیوی اور ماں کے بہت عزت کرتا ہوں۔