ٹانک میں قاتلانہ حملہ ، امن کمیٹی کے سربراہ شیرپاﺅ محسود جاں بحق
ٹانک (مانیٹرنگ ڈیسک) گومل میں شدت پسندوں کے راکٹ حملے میں امن کمیٹی کے سربراہ شیرپاﺅمحسود جاں بحق اور دورضاکارزخمی ہوگئے جبکہ رضاکاروں کی جوابی کارروائی کے بعد حملہ آور بحفاظت فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔
پولیس کے مطابق شیرپاﺅمحسودگومل کے علاقے کوٹ سید بادشاہ میں ہی سفرکررہے تھے کہ گھات لگائے بیٹھے نامعلوم افراد نے اُن کی گاڑی پر راکٹ دے مارا جس کے نتیجے میں وہ موقع پرہی جاں بحق ہوگئے جبکہ دورضاکاروں انور اور وسیم کوزخمی حالت میں ہسپتال منتقل کردیاگیا۔
بتایاگیاہے کہ آدھے گھنٹے سے زائد حملہ آوروں اور امن کمیٹی کے رضاکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری رہاجس دوران بھاری ہتھیاروں کااستعمال بھی کیاگیاتاہم پولیس کے موقع پر پہنچنے سے قبل ہی حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔