نمائشوں اور میلوں کے انعقاد سے غیر ملکی سرمایہ کار متوجہ ہونگے : لاہور چیمبر

نمائشوں اور میلوں کے انعقاد سے غیر ملکی سرمایہ کار متوجہ ہونگے : لاہور چیمبر

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر امجد علی جاوا اور نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے کہا ہے کہ حکومت نمائشوں اور میلوں کے انعقاد کی حوصلہ افزائی کرے کیونکہ ان سے نہ صرف معاشی فائدے حاصل ہونگے بلکہ غیرملکی سرمایہ کار بھی ملک کی طرف متوجہ ہونگے، حکومت نمائش کنندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دے تاکہ نمائشیں منعقد کرنے کے رحجان میں اضافہ ہو۔ ایکسپو سنٹر میں الیکٹرانکس مصنوعات کی 24ویں انٹرنیشنل ایکسپو اور کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نے کہا کہ نمائشوں اور میلوں سے نہ صرف غیرملکی خریدار راغب ہوتے ہیں بلکہ قیمتی زرمبادلہ کی آمد کی راہ بھی ہموار ہوتی ہے۔جرمنی اور چین کی مثال دیتے ہوئے لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ انہوں نے میلوں اورنمائشوں کے ذریعے ہی اپنی مصنوعات کی بھرپور مارکیٹنگ کی جس کی بدولت اُن کی بیرونی تجارت بہت مستحکم ہوچکی ہے۔ صرف جرمنی میں سالانہ ایک ہزار سے زائد تجارتی میلے اور نمائشیں منعقد ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات بہت اطمینان بخش ہے کہ اب پاکستان کا نجی شعبہ بھی اس جانب توجہ دے رہا ہے جس سے معیشت کو بہت فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ہمیشہ تجارتی وفود کے تبادلے اور سنگل کنٹری نمائشوں کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیتا آیا ہے لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اس سلسلے میں ٹھوس اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نمائش برقی مصنوعات کے شعبے میں مشترکہ منصوبہ سازی کوفروغ دینے میں بہت اہم کردار ادا کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ نمائشیں بہتر مارکیٹنگ ٹول ہوتی ہیں جس سے مارکیٹ مزید وسیع ہوتی ہے۔ انہوں نے پاکستان کی تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ نہ صرف ملک میں نمائشوں کے انعقاد پر توجہ دے بلکہ عالمی سطح پر ہونے والے تجارتی میلوں و نمائشوں میں زیادہ سے زیادہ شرکت کرے ۔ اس موقع پر لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن سید مختار علی نے بھی خطاب کیا۔ نمائش میں پاکستانی و بین الاقوامی کمپنیوں نے 450سٹالز لگائے تھے۔

مزید : کامرس