موسیقی معاشرہ میں انسانیت کے فروغ کا باعث بنتی ہے،عطاء محمد خان
لاہور(فلم رپورٹر)ایگزیکٹوڈائریکٹر لاہورآرٹس کونسل کیپٹن(ر)عطاء محمد خان نے کہا ہے کہ ہمیں عمدہ موسیقی کو ملک میں امن قائم کرنے کے لئے استعمال کرنا چاہیے کیونکہ موسیقی معاشرہ میں انسانیت کے فروغ کا باعث بنتی ہے۔’’میوزک فار پیس‘‘کے عنوان سے لاہورآرٹس کونسل نے ایک تاریخی قد م اٹھایا ہے،کیپٹن(ر)عطاء محمد خان کے مطابق پاکستان کے سب سے بڑے ادبی وثقافتی ادارے کی تاریخ میں یہ پہلی بار ہورہا ہے کہ میوزک کے ذریعے عوام میں امن کو فروغ دینے کی کوشش کی جارہی ہے جو پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے۔لاہورآرٹس کونسل(الحمراء) کے زیر اہتمام Alhamra unplugged Season 2107کی لانچنگ تقریب آج جمعہ رات8:00بجے الحمراء ہال نمبر ایک میں منعقد کی جارہی ہے ۔اس حوالے سے کیپٹن(ر)عطاء محمد خان نے کہا کہ یہ ایک بڑا منصوبہ ہے جس کی تکمیل پر میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور وزارت اطلاعات وثقافت پنجاب کے تعاون کا بے حد مشکور ہوں۔اس منصوبہ کے تحت الحمراء سٹوڈیو میں8 گانے ریکارڈ کئے گئے ہیں جو قوالی، فوک، کلاسیکی، پوپ، انگلش میٹل کے علاوہ دیگر دوسری طرزوں پر مشتمل ہیں۔ ہر کلام ،قوالی، گانا اپنی شاعری ،دھن،موسیقی میں نہایت شاندار ترتیب دیا گیا ہے۔ اس کے لئے ایک مہم شروع کی گئی تھی جس میں لاہورکی یونیورسٹیوں ،کالجوں ودیگر پلیٹ فارم سے 500گلو کاروں اور موسیقاروں کے آڈیشن لیے گئے تھے اور پھر ان میں سے 22نوجوان گلو کاورں اور میوزیشن کو منتخب کیا گیا۔
30برسوں سے بند پڑا الحمراء سٹوڈیو کودوبارہ بحال کرکے اس میں ریکارڈنگ کی گئی ہے،ان گانوں میں ہر طرح کے سامعین کے لئے دلچسپی کا مواد موجودہے۔اب اس Alhamra unplugged Season I,2107کو 9مختلف نجی ٹی وی چینل پر لانچ کیا جارہا ہے اس کے علاوہ یہ فیس بک،یوٹیوب پر بھی پوری دنیا میں دیکھیں جاسکیں گے۔اس منصوبہ کے ڈائریکٹر ابوبکر جاویدہیں جبکہ باقی ٹیم 22 گلوکاروں اور موسیقاروں پرمبنی ہے جن سے نرمل رائے، ھدا ہاشمی،الزبتھ راجی، جسٹن گرلز،عقلیمہ ڈار ،عزت فاطمہ، احمد چوپڑا ،ریحان ہاشمی، راصیب عامرحسین،قاسم یوسف، خالد خان، معین خان گلوکار جبکہ ممتاز حسین کاظمی، نوازعلی، اننان نوخیز یوسف، اویس کاظمی، وقرل بھٹی اور سٹیفن عاشق میوزیشن میں شامل ہیں۔