ایس ای سی پی کی ای سروسز میں رجسٹریشن کیلئے نئے اور جدید سسٹم کا افتتاح

ایس ای سی پی کی ای سروسز میں رجسٹریشن کیلئے نئے اور جدید سسٹم کا افتتاح

اسلام آباد (اے پی پی) چیئرمین سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن ظفر حجازی نے ایس ای سی پی کی ای سروسز میں رجسٹریشن حاصل کرنے کے لئے نئے اور جدید سسٹم کا افتتاح کر دیا ہے۔ نئے سسٹم میں ای سروسز میں رجسٹریشن کی لاگت 1500 روپے کے بجائے صرف 100 روپے رہ گئی ہے جبکہ رجسٹریشن کے لئے درکار کئی دنوں پر محیط وقت بھی کم ہو کر صرف چند منٹوں کا رہ گیا ہے۔ ایس ای سی پی کی ای سروسز میں رجسٹریشن کے نئے سسٹم کا افتتاح، صحافیوں کے لئے کیپیٹل مارکیٹ کے موضوع پر منعقد خصوصی ورکشاپ میں کیا گیا۔ ورکشاپ میں ایس ای سی پی کے سینئر حکام نے کیپیٹل مارکیٹ میں ٹریڈنگ کی نگرانی اور بروکروں کے لئے رائج ریگولیٹری فریم ورک پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر ملک میں کاروبار کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے نمایاں اقدامات کرنے پر چیئرمین ایس ای سی پی نے کمپنی رجسٹریشن کے محکمہ کے افسران کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے ای سروسز میں یوزر رجسٹریشن کے نئے سسٹم کو انقلابی قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ نیا سسٹم پرانے روایتی کلچر سے نجات اور ملک میں کارپوریٹ کلچر کی فروغ اور معیشت کو دستاویزی شکل دینے میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ نئے سسٹم میں ای سروسز میں رجسٹریشن کو بہت ہی آسان بنا دیا گیا ہے اور اب آن لائن رجسٹریشن حاصل کرنے کے لئے نفٹ سے ڈیجیٹل دستخط حاصل کرنے کی ضرورت نہیں جس کے لئے صارفین کو 1500 روپے فیس ادا کرنا پڑتی تھی۔ رجسٹریشن کی خواہشمند، ایس ای سی پی کی ای سورسز میں لاگ ان ہو کر، اپنی قومی شناختی کارڈ کے نمبر اور موبائل فون کے نمبر درج کروا کر نیا استعمال کنندہ کا نمبر اور پاس ورڈ حاصل کر سکیں گے جس کی فیس صرف 100 روپے ہو گی اور یہ رجسٹریشن بھی صرف ایک بار ہی کروانا ضروری ہو گا۔ ایس ای سی پی کی ای سروسز میں رجسٹریشن نئی کمپنی کا اندراج کروانے اور رجسٹرار ایس ای سی پی کو مختلف گوشواروں اور معلومات جمع کروانے کے لئے کی جاتی ہے۔

صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ظفر حجازی نے کہا کہ ایس ای سی پی پوری تندہی سے کیپیٹل مارکیٹ ترقیاتی منصوبے 2016-17ء پر عمل درآمد کر رہا ہے جو مارکیٹ کی واضح سمت کا تعین کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ای سی پی مارکیٹ کی بد استعمالی اور ساز باز کو روکنے، مارکیٹ میں عوامی اعتماد کے فروغ اور تعمیل کے ایک مضبوط نظام کے قیام کے لئے کوشاں ہے جس کے نتیجے میں کیپیٹل مارکیٹ انفراسٹرکچر انسٹیٹیوشنز کی گورننس، شفافیت، خطرات کے انتظام اور سرمایہ کاروں کے تحفظ میں واضح بہتری آئی ہے۔ چند بروکریج ہاؤسز کے حال ہی میں دیوالیہ ہونے کے حوالے سے چیئرمین ایس ای سی پی نے کہا کہ ایس ای سی پی میں نگرانی کے لئے ایک مکمل ڈیپارٹمنٹ موجود ہے جو سٹاک ایکسچینج میں تجارت، انسائڈر ٹریڈنگ اور مارکیٹ میں ساز باز پر نظر رکھتا ہے تاہم انسائڈر ٹریڈنگ کو ثابت اور اس کے تصدیق ایک مشکل اور وقت طلب کام ہے۔ سرمایہ کاروں کے مفادات اور حقوق کے تحفظ کے لئے ایس ای سی پی کو دھوکے باز عناصر کو پکڑنا ہوگا۔ ایس ای سی پی کے رسک مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کے سربراہ عثمان حیات نے شرکاء کو سٹاک مارکیٹ کے لئے ایس ای سی پی کے نگرانی کے نظام کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ ایس ای سی پی کی جانب سے خطرات کے انتظام کے متعدد ماڈلز نافذ کئے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر عابد حسین جو ایس ای سی پی کی سپرویژن کے محکمے کے سربراہ ہیں، نے صحافیوں کو نگرانی کے عمل اور سٹاک ایکسچینج کے بروکروں کے ریگولیٹری فریم ورک پر بریفنگ دی۔

مزید : کامرس