پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن کے معیارات اہم اور قابل عمل ہیں:ڈاکٹر حسن کاگل

پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن کے معیارات اہم اور قابل عمل ہیں:ڈاکٹر حسن کاگل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(پ ر) ترکی کی وزارتِ صحت کے اعلیٰ سطح کے وفد نے پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن کا دورہ کیا اور صوبہ میں صحت کی سہولیات کے معیار کو بہتر بنانے کے معاملات پربات چیت کی ۔ کمیشن کے چیف آپریٹنگ آفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خاں نے وفد کو بتایا کہ پاکستان میں کمیشن کا قیام اپنی نوعیت کا پہلا کامیاب تجربہ ہے جسے دوسرے صوبے بھی اپنا رہے ہیں۔ انہوں نے ترکی کے وفد کو صحت کی سہولتوں کے کم سے کم معیارات کی تیاری ،نفاذ اور عمل درآمد کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا ۔وفد کو بتایا گیا کہ کمیشن اب تک 33ہزار سے زائد علاج گاہوں کو رجسٹرکرچکا ہے جبکہ 18ہزار سے زائد کو لائسنس جاری کئے گئے ہیں۔کمیشن کے تیار کردہ صحت کی خدمات کے کم سے کم معیارات پر سرکاری و غیر سرکاری علاج گاہوں میں عمل درآمدکرایا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں238علاج گاہوں کے لیے ورکشاپس کا انعقادکیاگیا ہے جس میں 5ہزارسے زائد ماہر صحت نے شرکت کی۔عطائیت کی روک تھام کے لیے 5ہزار سے زائد عطائیت کے اڈوں کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی اور تین کروڑ روپے سے زائد جرمانہ کیا گیا ۔ڈاکٹر اجمل نے ترک ماہرین کے ساتھ میٹنگ کے دوران ہسپتالوں کے آپریشن تھیٹرز میں انفیکشن کنٹرول کے لیے کمیشن کے اقدامات اور سرجری سے پہلے اور اسکے بعد مریض کی
وارڈ میں منتقلی اور اس کے بعد مریض کی مکمل دیکھ بھال کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے کمیشن کے تجویز کردہ اقدامات کا تفصیلی ذکر کیا۔ ترک وفد نے کمیشن کے اقدامات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ کمیشن کے طے کردہ معیارات پر مسلسل عمل درآمد سے پنجاب کی علاج گاہوں میں طبی سہولیات کی فراہمی اور ان کے معیار کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی ۔ ترک وفد میں ڈاکٹر حسن کاگل، مہمند تافیکن اور فاطی کرادامیر شامل تھے۔

وفد کے سربراہ ڈاکٹر حسن کاگل نے کمیشن کے حکام کا شکریہ ادا کیااور اس ملاقات کو دونوں ملکوں کے لیے فائدہ مند قرار دیا ۔

مزید :

کامرس -