آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے کراچی میں ڈیرے ، ایدھی ہومز اور ساحل سمندر کی سیر
کراچی(اے این این)پاکستان ٹی20 کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ ایدھی صاحب نے انسانیت کیلئے عملی اقدامات کیے،انٹرنیشنل کرکٹ پاکستان آنے میں وقت لگے گا،پی ایس ایل کے ذریعے ہم انٹرنیشنل کرکٹ پاکستان واپس لاسکتے ہیں،پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ اچھا ہوتا ہے،مسئلہ بی سی سی آئی کو نہیں بلکہ بھارتی حکومت کو ہے،پاکستان اور بھارت کا میچ دیکھنے ضرور جاؤں گا۔تفصیلات کے مطابق ایدھی سینٹر کراچی میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی نمائش کے موقع پر شاہد آفریدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایدھی صاحب نے انسانیت کیلئے عملی اقدامات کئے ،ایدھی صاحب پاکستان پر احسان کر گئے۔ٹرافی کے ساتھ آئی سی سی اور پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)کے آفیشلز بھی موجود تھے، جنھوں نے عبدالستار ایدھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر ایدھی ہوم میں موجود بچے آئی سی سی چیمپینز ٹرافی دیکھ کر خوشی سے نہال ہوگئے۔تقریب کے موقع پر عبدالستار ایدھی کے صاحبزادے فیصل ایدھی اور ان کی والدہ بلقیس ایدھی بھی موجود تھیں۔انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ پاکستان آنے میں وقت لگے گا،پی ایس ایل کے ذریعے ہم نے دنیا کو اچھا پیغام دینا ہے۔پاک بھارت سیریز کے بارے آفریدی نے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ اچھا ہوتا ہے،مسئلہ بی سی سی آئی کو نہیں بلکہ بھارتی حکومت کو ہے۔قومی کرکٹر کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کیخلاف کھیلتے ہوئے کھلاڑیوں کو پریشان نہیں ہونا چاہیے اور پاکستان اور بھارت کا میچ دیکھنے ضرور جاؤں گا۔ایدھی سینٹر میں ٹرافی لانے کے موقع شاہد آفریدی نے بلقیس اور فیصل ایدھی سے ملاقات کی جبکہ بچے آفریدی کے ساتھ گھل مل گئے۔پشاور زلمی کے بارے آفریدی نے بات کرنے سے انکار کردیا اور کہا کہ پشاور زلمی ذاتی وجوہات کی وجہ سے چھوڑی ہے۔آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی دوسر ے مرحلے میں کراچی یونیورسٹی نمائش کیلئے لے جائی جائے گی۔سابق کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان تینوں شعبوں میں اچھی کارکردگی دکھاکر ہی چیمپئنز ٹرافی جیت سکتا ہے۔ ۔اس موقع پر ایک صحافی نے شاہد آفریدی سے سوال کیا کہ آپ نے پشاور زلمی کوکیوں چھوڑا ؟۔اس سوال پر شاہد آفریدی نے جواب دیا کہ اس بارے میں بعد میں کبھی بات کروں گا،یہ کہہ کر سٹار کرکٹر نے روسٹرم چھوڑ کر پریس بریفنگ ختم کردی ۔کرکٹ پنڈتوں کا کہنا ہے کہ جس طرح شاہد آفریدی نے اچانک ہی پشاور زلمی کو خیر آباد کہہ دیا اس سے لگتا ہے کہ جاوید اور شاہد آفریدی کے درمیان میں کوئی مسئلہ ہوا ہے ،میڈ یا نے بھی اس حوالے سے خوب رپورٹنگ کی ہے ۔انہوں نے امید کا اظہار کیا ہے کہ مستقبل میں شاہد آفرید ی پشاور زلمی چھوڑنے کی اصل وجہ سے پردہ اٹھا دیں گے۔