ہاکی سیریز ، کینگروز کے آگے شاہین پرواز بھو ل گئے ،مسلسل دوسری شکست

ہاکی سیریز ، کینگروز کے آگے شاہین پرواز بھو ل گئے ،مسلسل دوسری شکست

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی ٹیم کی آسٹریلیا کیخلاف مسلسل دوسری شکست سے تیاریوں کا پول کھل گیا، کوکابوراز نے چار میچز کی سیریز میں 2-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔ورلڈ کپ کوالیفائنگ رانڈ کی تیاریوں میں مصروف پاکستان ہاکی ٹیم کی کارکردگی کا پول کھل گیا، آسٹریلیا نے 4 ٹیسٹ میچز کی سیریز پر مشتمل دوسرے میچ میں بھی گرین شرٹس کو زیر کر کے 2-0 کی برتری حاصل کر لی۔ یاد رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں کوکابوراز نے گرین شرٹس کو ایک کے مقابلے میں 6گول سے زیر کیا تھا۔ڈارون کے مرارا ہاکی اسٹیڈیم میں آسٹریلوی ٹیم نے گزشتہ روز بھی گرین سائیڈ کو تمام شعبوں میں آٹ کلاس کیے رکھا اور وقفے وقفے سے گول کرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔ کھیل کے ابتدائی33 منٹ میں کوکابوراز3 بار گیند کو گول پوسٹ کے اندر پھینک چکے تھے۔ میچ کے دوران پاکستانی ٹیم کو بھی گول کرنے کے متعدد مواقع میسر آئے لیکن فارورڈز ان سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔دوسری جانب فاتح ٹیم کی طرف سے ٹام ویکہم، ٹرینٹ میٹن اور ایرون نے ایک، ایک بار گیند کو جال کے اندر پھینکا۔ پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان تیسرا ٹیسٹ میچ آج جمعہ کو کھیلا جائیگا۔ سیریز میں واپسی کیلئے گرین شرٹس کواس مقابلے میں لازمی فتح درکار ہوگی۔ادھر ٹیم مینجمنٹ نے کہا ہے کہ سیریزکے ابتدائی میچز میں پلیئرز کی بہت زیادہ مسنگ کی وجہ سے گول نہ کر سکے، دنیا کی نمبرون سائیڈ کیخلاف کھیلنے سے کھلاڑیوں کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع مل رہا ہے جس کا فائدہ ٹیم کو مستقبل کے ایونٹس میں ہوگا۔آفیشلز کا کہنا تھا کہ اگلے میچ میں بہتر حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اتر کر سیریز میں کم بیک کرنے کی کوشش کریں گے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی