رونالڈو کے مجسمے پر سوشل میڈیانے سوالات اٹھادیئے
پرتگال(اے این این)پرتگال کے جزیرے مادیرا میں نامور فٹبالر کرسچیانو رونالڈ کے مجسمے کی پردہ کشائی کے بعد شائقین فٹبال اس کی مشابہت پر سوال اٹھا رہے ہیں۔سوشل میڈیا پر بہت سارے لوگوں کا خیال ہے کہ یہ مجسمہ رونالڈو کے بجائے جمہوریہ آئرلینڈ کے سابق کپتان نیال کوئن جیسا دکھائی دیتا ہے۔اس مجسمے کی پردہ کشائی جزیرے کے ہوائی اڈے کو رونالڈو کے نام سے منسوب کرنے کی تقریب کے دوران کی گئی۔یہ مجسمہ ہوائی اڈے میں ٹرمینل کے داخلی راستے کے باہر نصب کیا گیا ہے اور اس تقریب میں شرکت کے لیے پرتگال کے صدر اور وزیراعظم خصوصی طور پر آئے تھے۔صدر روبیلو ڈی سوسا کا کہنا تھا کہ رونالڈو 'مادیرا اور پرتگال کی نمائندگی دنیا بھر میں کسی اور فرد سے زیادہ کرتے ہیں۔32 سالہ رونالڈو کا تعلق مادیرا سے ہے اور یہاں انھیں ایک ہیرو کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ رونالڈو کے آبادئی شہر فنچال میں ان سے منسوب ایک عجائب گھر بھی موجود ہے۔انھوں نے ٹوئٹر پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'پرمسرت اور قابل فخر بات ہے کہ مادیرا ہوائی اڈہ کو میرا نام دیا گیا ہے۔'خیال رہے کہ رونالڈو پہلے فٹبال کھلاڑی نہیں ہیں جن کا نام پر کوئی ہوائی اڈہ ہے۔ سنہ 2006 میں مانچسٹر یونائیٹڈ کے کھلاڑی جارج بیسٹ کے انتقال کے بعد بیلفاسٹ ہوائی اڈہ ان کے نام سے منسوب کیا گیا تھا۔