بلدیاتی نمائندوں کے بعد افسران کی تربیت کا عمل جاری

بلدیاتی نمائندوں کے بعد افسران کی تربیت کا عمل جاری

لاہور (جنرل رپورٹر)صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے مسلم لیگی ورکروں سے ملاقات میں کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پربلدیاتی نمائندوں کی ٹریننگ کے بعد اب تمام چیف آفیسرز اور محکمہ بلدیات کے آفیسرز کی ٹریننگ کا عمل پرو فیشنل مینجمنٹ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں مکمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی کے ایک ورکر ہیں اور ورکر کہلانے میں فخر محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے صوبے بھر میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد اور ہر ضلع میں بلدیاتی اداروں کی تشکیل کو اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ میگا منصوبوں کی اہمیت اپنی جگہ مسلم ہے لیکن عام شہری کو اپنی گلی نالی، سیوریج کے منصوبوں اور مقامی ترقی میں بھی دلچسپی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پرصوبے بھر میں ہونے والا عوامی اعتماد حوصلہ افزاء اور موجودہ قیادت پر بھر پور عوامی اعتماد کا مظہر ہے ۔انہوں نے کہا کہ صوبے کی 24019 وارڈز میں انتخابات کے ذریعے یونین کونسلوں، تحصیلوں اور ضلع کی سطح پر مسلم لیگی امیدواروں کے انٹر ویو کئے گئے اور سیاسی تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنے بڑے پیمانے پر مشاورت ہوئی ۔ انہوں نے اس موقع پر مسرت کا اظہار کیا کہ ان پر اور پبلک افےئرز یونٹ کی تنظیم پر اس اعتماد کا اظہار کیا گیا وہ اس پر پورا اتریں گے۔ انہوں نے پنجاب میں وزیر اعلی شہباز شریف کی قیادت میں شفافیت کے ساتھ مکمل ہونے والے منصوبوں کو عوام کے لئے تحفہ قرار دیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1