اپیکا کی کال پر سرکاری ملازمین کی صوبائی دفاترمیں ہڑتال اور احتجاجی دھرنا

اپیکا کی کال پر سرکاری ملازمین کی صوبائی دفاترمیں ہڑتال اور احتجاجی دھرنا

لاہور( خبرنگار) صوبائی دارلحکومت میں اپیکا کی کال پر سرکاری ملازمین نے صوبائی دفاترمیں مکمل ہڑتال کی اور سول سیکرٹریٹ کے سامنے مطالبات کے حق میں احتجاجی دھرنادیا، اس موقع پر اپیکا کے صوبائی صدرحاجی محمدارشاد نے کہاکہ حکومت نے سی پیک منصوبے کے تحت جس طرح ارکان قومی وصوبائی اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافہ کیا، اسی طر ح سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور مزدور وں کی مراعات میں دوسو فیصد اضافہ کیاجائے وگرنہ 25 اپریل کوپارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دن رات احتجاجی دھرنادیاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ اپیکا کی کال پر 16 مارچ کوپنجاب بھرمیں احتجاجی جلوس، مظاہرے ودھرنے دئے گئے تھے مگر حکومت پنجاب کی جانب سے کسی بھی ذمہ دار نے رابطہ نہ کی اورحکومتی بے حسی بدستورجاری ہے ۔ دوسری جانب گزشتہ روز دوبارہ پنجاب بھرکے اضلاع کے صوبائی دفاتر میں ہڑتا ل کرتے ہوئے تمام ملازمین نے کمشنرزوڈی سی اوز کے دفاترکے باہرمظاہرے کرتے ہوئے احتجاجی ریلیاں نکالیں اور احتجاج ریکارڈ کروایا ۔ لاہور میں گزشتہ روز صبح10 بجے ایپکا لاہور ڈویژن کے ملازمین نے لوکل گورنمنٹ کمپلیکس سے سول سیکرٹریٹ چوک تک پرُامن ا حتجاجی ریلی نکالی جسکی قیادت چوہدری ابوہریرہ جنرل سیکرٹری ا یپکا لاہور ڈویژن ، تنویر اکرم بٹ، شاہ حسین، میاں محسن و دیگر عہدیدران نے کی۔ ریلی کے شرکاء نے پلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے جن پر ایپکا کے مطالبات اور نعرے درج تھے ۔شدید نعرے بازی کرتے ہوئے سول سیکرٹریٹ کا گھیراو کیا گیا اور مطالبات کے حق میں پرُامن طریقے سے احتجاج ریکارڈ کروایا گیا۔ریلی کی وجہ سے سول سیکرٹریٹ میں کام بند رہا اور سول سیکرٹریٹ کے ارد گرد سڑکوں اور شاہراؤں پر ٹریفک کا نظام متاثرہوا۔ اس موقع پر حاجی محمد ارشادنے خطاب کے دوران خادم پنجاب سے اپیل کی کہ ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کی تنخواہوں میں کئی گنا اضافہ کی طرح آئندہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 200 فیصد اضافہ کیا جائے اور بجٹ سے قبل 24 اپریل تک التوا میں پڑے ایپکا کے جائز مطالبات جن میں ملازمین کے تسلیم شدہ مطالبات بقیہ کیڈرز کی اپ گریڈیشن، سیکرٹریٹ کی طرح یوٹیلٹی الاؤنس و دیگر کی سمری جلد از جلد منظور کرتے ہوئے نوٹیکفیکیشن جاری کیا جائے ورنہ ایپکاملازمین روزانہ کی بنیاد پراحتجاجی جلوس، ریلیاں ا ور دھرنے دینے پر مجبور ہو جائیں گے۔حکومتی بے حسی کے خلاف ایپکا پنجاب کاایک ہنگامی اجلاس منگل 4 اپریل 2017 کو صبح دس بجے طلب کیا گیا ہے جس میں 25 اپریل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے گھیراؤ اور دن رات احتجاجی دھرنے کافیصلہ کیا جائے گااورمطالبات کی منظوری کے حوالہ سے لا ئحہ عمل مرتب کیا جائے گا ۔

احتجاجی دھرنا

مزید : صفحہ آخر