ڈائیوو ایکسپریس لاہور ٹرمینل کلمہ چوک سے گرینڈ ٹرمینل ٹھوکر نیاز بیگ منتقل
لاہور(خصوصی رپورٹ)پاکستان کی سب سے بڑی ٹرانسپورٹ کمپنی، ڈائیوو پاکستان ایکسپریس، آج سے ٹھوکر نیاز بیگ پر قائم اپنے نو تعمیر شدہ سٹیٹ آف دی آرٹ بس ٹرمینل سے آپریشن کا آغاز کرے گی۔ اس سلسلے میں ٹھوکر نیاز بیگ پر ڈائیوو ایکسپریس بس ٹرمینل پر ایک با ضابطہ افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ گورنر پنجاب نے بس ٹرمینل کا افتتاح کیا جس کے بعد اس ٹرمینل سے پہلی بس روانہ ہوئی۔ اس موقع پر حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہاکہ ڈائیوو پاکستان نے سالہا سال سے بس کے سفر اور لاجسٹک کے میدان میں خدمات کے نئے معیار قائم کرتے ہوئے پاکستان میں روڈ ٹرانسپورٹ اور بار برداری کے شعبے میں انقلاب برپا کر دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈائیوو گھریلو سطح پر ایک معروف نام بن چکا ہے اور ایسے لاکھوں لوگوں کی زندگیوں کا حصہ بن چکا ہے جو اکثر بیرون شہر سفر کرتے ہیںیا لاہور اور ملتان میں اربن ٹرانسپورٹ استعمال کرتے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائیوو گروپ پاکستان کے صدر فیصل صدیقی نے کہا کہ اس جدید اورنئے ٹرمینل کمپلیکس کا قیام، جو بڑی تعداد میں مسافروں اور بسوں کی آمد و رفت کا انتظام سنبھالنے کی اہلیت رکھتا ہے، ڈائیوو پاکستان کی سرمایہ کاری اور بزنس میں اضافہ کرنے کے عزم کا مظہر ہے۔ مسٹر چینگ ان پارک نے کہا کہ نئے ٹرمینل کا قیام ڈائیوو ایکسپریس میں ایک نئے دور کا آغاز ہے اور ہم پر امید ہیں کہ یہ ٹرمینل عوام ، حکومت اور ڈائیوو سب کے لیے یکساں مفید ثابت ہو گا۔ آج سے ڈائیوو ٹرمینل کلمہ چوک پر بسوں کی آمد و رفت کو ٹھوکر نیاز بیگ ٹرمینل پر منتقل کر دیا جائے گا۔ تاہم کلمہ چوک ٹرمینل شٹل سروس پوائنٹ، کارگو سنٹر اور ڈائیووکیب ہب کے طور پر آپریشنل رہے گا۔مسافروں کو کلمہ چوک تا ٹھوکر نیاز بیگ ہر 30منٹ کے بعد دو طرفہ شٹل سروس مفت فراہم کی جائے گی۔
گورنر