ٹی 20سیریز ، شاہینوں کی کالی آندھی کو مسلسل دوسری شکست ، بالرز نے میچ ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں سے چھین لیا

ٹی 20سیریز ، شاہینوں کی کالی آندھی کو مسلسل دوسری شکست ، بالرز نے میچ ویسٹ ...

رٹ آف سپین (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی ویسٹ انڈیز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست سے دوچار کر کے 4میچوں کی سیریز میں 2صفر کی برتری حاصل کر لی ،میزبان ٹیم 133 رنز کا ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 130رنز بنا سکی اور یوں تین رنز سے پاکستان نے یہ میچ بھی اپنے نام کر لیا ۔آخری دو اوورمیں پہلے وہاب ریاض نے با اعتماد باولنگ کر کے ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں کو دباؤ کا شکار بنایا ،پھر حسن نے میزبان ٹیم کے بیٹسمینوں کو کھل کر شارٹ لگانے کا موقع فراہم نہ کر کے میچ میزبان ٹیم سے کھینچ لیا ۔تفصیلات کے مطابق کوئنز پارک اوول گراؤنڈ میں ویسٹ انڈیز کے کپتان کارلوس بریتھ ویٹ نے ٹاس جیت کر پہلے گرین شرٹس کو بیٹنگ کی دعوت دی تو سرفراز الیون نے مقررہ 20 اوور میں 132 رنز بنائے ۔پہلے ہی اوور میں کامران اکمل بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے جس کے بعد نئے آنیوالے بلے باز بابراعظم نے ٹیم کا مجموعی اسکور41 تک پہنچا دیا تاہم تو وہ بھی 27 رنز بنا کر بریتھ ویٹ کی گیند پر کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔ تیسرے آؤٹ ہونیوالے بلے باز احمد شہزاد تھے جنہوں نے 15 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے 14 رنز بنائے جس کے بعد وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔شعیب ملک 28، فخر زمان 5، کپتان سرفرازاحمد 12، سہیل تنویر اور عماد وسیم 4، 4 ، شاداب خان 13 اور وہاب ریاض 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنیل نارائن اور کارلوس بریتھ ویٹ نے 3،3، سیموئل بدری 2 اور کیسرک ولیم نے ایک وکٹ حاصل کی۔قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ، آؤٹ آف فارم محمد حفیظ کی جگہ ٹیم میں فخر زمان کو شامل کیا گیا جنہوں نے اپنا ڈیبیو میچ کھیلا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے ایون لیوس اور چیڈوک والٹن ہدف کے تعاقب کیلئے کریز پر آئے لیکن دوسرے ہی اوور میں 10 کے مجموعی اسکور پر لیوس رن آؤٹ ہوگئے۔پاکستان کی طرف سے شاداب نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک میڈان اوورکے ساتھ 14رنز دے کر 4کھلاڑیوں کو پولین کی راہ دکھائی ، عماد اور تنویر سہیل کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے، وہاب ریاض نے ایک اور حسن نے ایک وکٹ حاصل کی ۔میزباں ٹیم کے والٹن 21، لینڈل سیمنز ایک، کیرون پولارڈ 3، مارلن سیموئلز 44، کپتان بریتھ ویٹ 15 اور رومان پاویل بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔ میچ اس وقت سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہوا جب آخری اوور میں میزبان ٹیم کو جیت کیلئے 14 رنز درکار تھے، حسن علی کے آخری اوور کی ابتدائی 2 گیندوں پر سنیل نارائن نے 2 چوکے لگا کر جیت کا دیا روشن کیا لیکن پانچویں گیند پر وہ رن آؤٹ ہوگئے جس کے بعد آخری گیند پر جیسن ہولڈر نے بڑی ہٹ لگانے کی کوشش کی جس میں انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی