غیرملکی این جی اوزکو قومی مفادات کیخلاف کام نہیں کرنے دینگے ،نثار
اسلام آباد(اے این این )وزارت داخلہ نے بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں کی رجسٹریشن کے پالیسی فریم ورک کے تحت 70 اداروں کو کام کرنیکی اجازت دیدی ۔ نادرا اور پاکستان پوسٹ کے مابین تعاون کی بھی منظوری دی ۔وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے واضح کیاہے کہ کسی کو بین الاقوامی غیر سرکاری ادارے کے لبادے میں اپنے قومی سلامتی مفادات کیخلاف کام کرنیکی اجازت نہیں دیں گے۔ گزشتہ روز وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری داخلہ ، ایڈووکیٹ جنرل ،چیئرمین نادرا، چیف کمشنر اسلام آباد کے علاوہ وزارت داخلہ، ایف آئی اے اور پولیس کے سینئر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں کی رجسٹریشن کے پالیسی فریم ورک کے تحت 70 اداروں کو کام کرنیکی اجازت دینے کافیصلہ کیاگیا۔ اجلاس سے خطاب میں وزیرداخلہ کا کہنا تھا پاکستان میں بین الاقوامی غیر سرکاری اداروں کے آزادی سے کام کرنے کا خیر مقدم کریں گے لیکن اب کسی اس آزادی کے غلط استعمال کی ہرگز اجازت نہیں دینگے ۔ انہوں نے بین الاقوامی غیر سرکاری اداروں کی زیر التوادرخواستوں کو تیزی سے نمٹانے کی ہدایت بھی کی۔ وزیر داخلہ نے نادرا کی طرف سے صوبوں میں شہریوں کو خدمات فراہم کرنے کیلئے اپنے مستقل انفراسٹرکچر کے قیام کیلئے صوبائی حکومتوں سے رابطوں کے پالیسی فریم ورک کا بھی جائزہ لیا اور نادرا اور پاکستان پوسٹ کے مابین تعاون کی بھی منظوری دی جس کے تحت پوسٹ آفسز کو بہتر بنانے سمیت ڈاکخانوں کی عمارت میں نادرا کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ چوہدری نثار نے نادرا کی طرف سے عمارتیں کرائے پر حاصل کرکے دفاتر بنانے یا تعمیر کرنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ سلسلہ کرپشن و بدعنوانی کا ذریعہ بن رہا ہے۔منصوبے کے تحت ابتدائی طور پر دس ڈاکخانوں میں نادرا کی خدمات فراہم کی جائیں گی، ان میں چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر کے شہری اور دیہی علاقوں کے ڈاکخانے شامل ہوں گے بعد ازاں اسکا دائرہ کار مزید1500ڈاکخانوں تک بڑھایا جائے گا۔ پاکستانی شہریوں سے شادی کرنیوالے غیر ملکیوں کو پاکستان اوریجن کارڈ کے اجراسے متعلق وزیر داخلہ نے نادرا کو ہدایت کی کہ پاکستانی شہریوں سے شادی کرنیوالے غیر ملکی مرد یا خاتون کو پاکستان میں قیام کی سہولت دینے کیلئے نئے کارڈ کی فراہمی پر کام کیا جائے۔انہوں نے وزارت داخلہ میں نادرا کی تکنیکی معاونت سے بین الاقوامی غیر سرکاری اداروں کی سہولت کیلئے جدید سہولت مرکز قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
این جی اوز اجازت