پاکستان کسی بھی ادارے یا فرد سے زیادہ مقدم ، فوج سلامتی کیلئے کا م کرتی رہیگی : آرمی چیف
راولپنڈی (آن لائن) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ملک کسی بھی ادارے یا فرد سے زیادہ مقدم ہے۔ پاک فوج قومی سلامتی کیلئے کام کرتی رہے گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز بلوچ رجمنٹل سینٹر ایبٹ آباد کا دورہ کیا، آرمی چیف نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ رجمنٹ سے میرا خصوصی تعلق ہے میرے والد کا تعلق بھی بلوچ رجمنٹ سے تھا اور میں بھی بلوچ رجمنٹ کا افسر ہوں ۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج اچھے اور پر امن پاکستان کیلئے پر عزم ہے ملک کسی بھی فرد یا ادارے سے زیادہ مقدم ہے پاکستان کی بہتری کے لئے پاک فوج ایک کردار ادا کرتی رہے گی۔ ہم پاکستان کو بہتر سے بہتر بنانے کے لئے کوشاں ہیں اور بہتر پاکستان کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔