انتخابی حکمت عملی، زرداری نے آئندہ الیکشن میں کامیابی کیلئے اہم پارٹی راہنماؤں کو ٹاسک دیدیا

انتخابی حکمت عملی، زرداری نے آئندہ الیکشن میں کامیابی کیلئے اہم پارٹی ...

لاہور( شہزاد ملک سے ) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے صدر آصف علی زرداری نے سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور آزاد حیثیت میں کامیاب ہونے والے موجودہ ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو پیپلز پارٹی میں شامل کرنے کے لئے پارٹی کے اہم راہنماؤں کو ٹاسک دیدیا ہے تاکہ ان راہنماؤں کو آئندہ الیکشن میں پیپلز پارٹی کی ٹکٹ پر الیکشن لڑوایا جا سکے ۔پیپلز پارٹی کے ذرائع نے ’’ پاکستان ‘‘ کو بتایا ہے کہ سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے پارٹی کے مرکزی راہنماؤں کو یہ ٹاسک دیا ہے کہ وہ ایسے سابق ارکان اسمبلی کی فہرست بھی تیار کریں جن کی انتخابی حلقوں میں مضبوط پوزیشن رہی ہے اور ایسے موجودہ منتخب آزاد ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کی بھی فہرست تیار کی جائے جو ابھی تک بھی کسی حکومتی پارٹی میں شامل نہیں ہوئے اور اپنی آزاد پوزیشن میں اسمبلی میں برقرار ہیں تاکہ ایسے لوگوں کو باضابطہ دعوت دیکر انہیں پیپلز پارٹی میں شامل کیا جائے اور انہیں آئندہ الیکشن میں ملک کی دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ سیٹ ٹو سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کرکے (ن) لیگ کے مقابلے میں کھڑا کیا جائے اور اس طرح کا انتخابی ماحول پیدا کیا جائے کہ آنے والے الیکشن میں (ن) لیگ بمقابلہ پیپلز پارٹی متحدہ جماعتوں کا امیدوار ہو ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری چاہتے ہیں کہ آئندہ الیکشن میں اس طرح کا انتخابی ماحول بنایا جائے کہ ہر قومی و صوبائی اسمبلی کی نشست پر ون ٹو ون مقابلے کی فضاہو، اسی صورت میں (ن) لیگ سے پنجاب میں مقابلہ کیا جا سکتا ہے اور (ن) لیگ کی مضبوط پوزیشن کو بھی کمزور کیا جا سکتا ہے ۔

آصف زرداری ،ٹاسک

مزید : صفحہ اول