سکولوں میں بچوں کی داخلہ مہم کا افتتاح ، قوم کے بچوں کو تعلیم دلانے کیلئے اپنی جان لڑا دوں گا : شہباز شریف

سکولوں میں بچوں کی داخلہ مہم کا افتتاح ، قوم کے بچوں کو تعلیم دلانے کیلئے ...

لاہور(جنرل رپورٹر،ایجوکیشن رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ترقی اورخوشحالی کی منزل کے حصول کا واحد راستہ تعلیم ہے ۔ تعلیم سے قوموں میں ویژن،قوت اورشعور آتا ہے ،تعلیم یافتہ قومیں طاقتور ہوتی ہیں اور کوئی اس کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔تعلیم کی اسی اہمیت کے پیش نظر پنجاب حکومت نے فروغ تعلیم کیلئے بے مثال اقدامات اٹھائے ہیں ۔سکول سے باہر بچوں کو تعلیم کی غرض سے سکولوں میں لانے کیلئے بھی موثر حکمت عملی اپنائی گئی ہے اورہر سال داخلہ مہم کو ایک تحریک کے طورپر آگے بڑھایا جاتا ہے ۔انشاء اللہ آئندہ انتخابات سے قبل پنجاب کے ہر بچے کو تعلیم کیلئے سکول میں لانے کا ہدف پورا کریں گے اورکوئی بچہ اب تعلیم سے محروم نہیں رہے گا۔بچوں کے سکولوں میں سو فیصد داخلے کو یقینی بنانے کیلئے محنت،عزم اورجذبے کے ساتھ کام کرتے ہوئے اس چیلنج کو پورا کرنا ہے۔ پنجاب حکومت کے وسائل قوت اورکاوش موجود ہے اللہ کو منظور ہوا تو اس ہدف کو ضرور حاصل کریں گے۔معیاری تعلیم ہر بچے کا حقگے،میں قوم کی بیٹیوں اوربیٹوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لئے اپنی جان لڑادوں گا۔اشرافیہ اپنے بچوں کے لئے تو بہترین تعلیم اورعلاج پسند کریں لیکن جب یتیم،بے سہارااورغریب کو تعلیم اورصحت کی سہولتوں کی فراہمی کی بات کی جائے تو اسے تکلیف ہوتی ہے ۔ہمیں اس ذہنیت ،کلچر اورنظام کو بدلنا ہے ۔محروم معیشت طبقات کو بھی تعلیم اورعلاج کی وہی سہولتیں دینا ہیں جو امیر کو حاصل ہیں ۔میری دردمندانہ اپیل ہے کہ خدارا آئیے،ملکر امیر اورغریب کے درمیان خلیج کو ختم کریں اورامیر اورغریب کے پاکستان کے فرق کو مٹا دیں ۔اپنے دکھوں کو خوشیوں میں بدلیں اورپاکستان کو صحیح معنوں میں قائد ؒ و اقبالؒ کے تصورات کے مطابق اسلامی فلاحی ریاست بنائیں،یہ اسی وقت ہوگا جب اشرافیہ اپنا رویہ بدلے گی۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہارآج ایوان اقبال میں سکولوں میں بچوں کی داخلہ مہم 2017ء کے افتتاح کے موقع پر منعقد ہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ نے دوننھے بچوں کے ٹیبلٹ میں ناموں کا اندراج کرکے داخلہ مہم 2017ء کا باقاعدہ افتتاح کیا ۔وزیراعلیٰ نے بچوں کو کتابیں اوربیگز بھی دےئے۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال داخلہ مہم کے حوالے سے تحریک چلائی جاتی ہے اورآج بھی ہم اسی مقصد سے یہاں اکٹھے ہوئے ہیں اوریہ تقریب ویڈیولنک کے ذریعے صوبے کے 36اضلاع سے منسلک ہے اوران اضلاع میں اراکین اسمبلی ،نومنتخب ضلعی قیادت ،تعلیم کے شعبہ سے وابستہ افراد ،انتظامیہ اورطلباء و طالبات اس عزم کے ساتھ موجود ہیں کہ ہم نے جذبے اورمحنت کے ساتھ کام کرتے ہوئے داخلہ مہم کو کامیاب بنانے کافرض پورا کرنا ہے اوراس بات کو یقینی بنانا ہے کہ پنجاب کا کوئی بچہ اوربچی سکول سے باہر نہ رہے یہ ایک بڑا چیلنج ہے اورزندہ قومیں ایسے چیلنجز سے بطریق احسن عہدبرآہوتی ہیں۔ہم نے بھی اس چیلنج کو قبول کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ذریعے 22لاکھ بچوں کو تعلیم دلانے کا شاندار نظام بنایا گیا ہے اورادارے کی واؤچرسکیم کے تحت غریب گھرانوں کے بچے اوربچیاں تعلیم حاصل کررہے ہیں ،اسی طرح پنجاب حکومت نے دوردراز اورپسماندہ علاقوں کے ساڑھے چار ہزار سکولوں کو آؤٹ سورس کیا ہے جن کی بدولت ان سکولوں میں طلباء و طالبات کی تعداد دو گنا ہوگئی ہے ۔اساتذہ کو اس پر ملال اوراعتراض کرنے کی بجائے سوچنا ہوگا جب ان سکولوں کو آؤٹ سورس کیاگیا تو یہاں بچوں کی تعداد دگنی کیوں ہوئی؟انہیں نظام کی خرابیوں کا جائزہ لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اس سال بھی 80ہزار اساتذہ میرٹ کی بنیاد پر بھرتی کیے جارہے ہیں جن میں 50فیصد سے زائد خواتین اساتذہ شامل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وسائل کی کوئی کمی نہیں ہے ۔صوبائی وزیر سکولزایجوکیشن رانا مشہود احمد خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف نے محنت کشوں ،کسانوں کو عزت دی اورغریب خاندانوں کے بچے اوربچیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے بے مثال اقدامات کیے۔سیلاب کے دنوں میں قوم نے خادم پنجاب کا انسان دوستی کا روپ دیکھا ہے اورتعلیم سے لگاؤ بھی سامنے ہیں۔بلاشبہ انہوں نے عوام کو تعلیم ،صحت اوردیگر سہولتوں کی فراہمی یقینی بنا کرخادم پنجاب ہونے کا حق ادا کیا ہے ۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے قوم کے بچے اوربچیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے شاندار پروگرام شروع کر کے خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے ۔وائس چےئرمین پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ ڈاکٹر امجدثاقب نے وزیراعلیٰ کے فروغ تعلیم کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ کے ذریعے لاکھوں بچے اوربچیاں تعلیم حاصل کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ علم نور ہے ،زندگی ہے اورروشنی ہے۔شہبازشریف قوم کو جہالت کے اندھیروں سے نکال کر نور ،روشنی اورزندگی کی طرف لے جانے کیلئے انتھک کاوشیں کررہے ہیں ۔ سیکرٹری سکولزعبدالجبار شاہین نے انرولمنٹ مہم 2017ء کے خدوخال اور فروغ تعلیم کیلئے اٹھا ئے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔صوبائی وزراء ،اراکین قومی و صوبائی اسمبلی،وائس چانسلر ز،پرنسپلز،اساتذہ ،والدین،طلبا و طالبات ،دانشوروں،کالم نگاروں اورماہرین تعلیم نے تقریب میں شرکت کی۔شہباز شریف سے چائنہ ہیوانگ گروپ کے نائب صدر فین زیزیا کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں 1320 میگا واٹ کے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ پر پیشرفت ،کوئلے کی ترسیل اور منصوبے کے آپریشنل امور پر بات چیت کی گئی اور ساہیوال کول پاور پراجیکٹ پر ہونے والے کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہارکیا گیا اورمنصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کر نے پر اتفاق کیا گیا۔چینی وفد نے منصوبے کو مقررہ مدت سے پہلے مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔وزیر اعلی شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 1320میگا واٹ کا ساہیوال کول پاور پراجیکٹ انتھک محنت ،رفتار اور معیار کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہے۔منصوبہ تیز رفتاری سے تکمیل کے نئے ریکارڈ قائم کرے گا۔دوسری طرف شہبازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں گندم خریداری مہم برائے سال 2017-18 کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیاگیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اﷲ تعالیٰ کے فضل وکرم سے رواں برس گندم کی بہترین فصل ہوئی ہے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ کرے گی اور چھوٹے کاشتکار کے حقوق کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔دریں اثناء وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف سے سینٹ فنکشنل کمیٹی برائے ڈیولیشن کے وفدنے چیئرمین سینیٹر میر کبیر احمد شاہی کی قیادت میں ملاقات کی اور سینیٹر کے وفد نے پنجاب میں ہونے والے شاندار ترقیاتی کام پر شہبازشریف کی تعریف کی اور ان کے اقدامات کوقابل تقلید قرار دیا۔سینٹ کمیٹی کے وفد میں سینیٹر کرنل (ر) سید طاہرحسین مشہدی ، سینیٹر تاج حیدر، سینیٹر عثمان خان کاکڑ اور سینیٹر سردار اعظم خان موسی خیل شامل تھے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر کبیر احمد شاہی نے کہاکہ اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنے کے حوالے سے پنجاب حکومت نے دیگر صوبوں کے مقابلے میں بہتر انداز میں کام کیا ہے اور18ویں ترمیم کے بعد وزیراعلی شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نے اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کے لئے نمایاں کام کیاہے۔سینیٹر کرنل (ر) سید طاہرحسین مشہدی نے کہا کہ پنجاب میں ہونے والے شاندار کام کا کریڈ ٹ وزیراعلی شہبازشریف کی ولولہ انگیز قیادت کو جاتا ہے ۔

مزید : صفحہ اول