پاکستان کو ڈیجیٹل ملک میں تبدیل کر کے ترقی و خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر کرینگے : اسحاق ڈار

پاکستان کو ڈیجیٹل ملک میں تبدیل کر کے ترقی و خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر ...

اسلام آباد(آن لائن)اسلام آباد کے107 سکولوں کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے معاہدے پر مائیکرو سافٹ،وزارت کیڈ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے نمائندوں نے دستخط کر دئیے جبکہ وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان کو ڈیجیٹل ملک میں تبدیل کرکے ترقی وخوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر کریں گے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اسلام آباد کے107 سکولوں کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے حوالے سے گزشتہ روز منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرخزانہ نے کہا کہ یہ معاہدہ سب کیلئے انتہائی خوش آئند ہے کیونکہ ڈیجیٹل تعلیم مسلم لیگ(ن) کے منشور کا حصہ ہے اور حکومت منشور کے نکات پر پوری دلجمعی سے 33ہزارطالبات کو تربیت دی جائے گی جن کی ترقی سے40ہزار سے زائد اساتذہ کو تربیت دی جاچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور کے تقاضوں میں پاکستان کا ڈیجیٹل ہونا ناگزیر ہے کیونکہ ترقی یافتہ ممالک جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کرکے آگے بڑھ رہے ہیں ہمیں پاکستان کو بھی ترقی یافتہ ملک کے طورپر آگے لیکر جانا ہے۔مسلم لیگ(ن) کی قیادت ان تقاضوں کو پورا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے تاکہ پاکستان ایک مہذب ترقی یافتہ ملک بن سکے۔ایسے تمام پروگرامز کے انعقاد کا واحد مقصد ملک کو ترقی یافتہ ہی بنانا ہے۔حکومت پاکستان کو ڈیجیٹل بنانے کیلئے اپنی کوششیں کر رہی ہے تاہم ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے کیلئے سب کو ملکر ایمانداری سے کام کرنا ہوگا۔اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں قلیل عرصے کے دوران بہت بڑی بہتری آئی ہے،گزشتہ 3سال کے دوران بڑی بڑی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں اور ان ہی کامیابیوں کا نتیجہ ہے کہ پاکستان بہت جلد نہ صرف دنیا کی20 بہتر معیشتوں میں شامل ہوجائے گا بلکہ آئندہ1سال میں پاکستان سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ بھی ہوجائے گا۔وزیرمملکت آئی ٹی انوشہ رحمان نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کا ملک کی بچیوں کو تعلیم کی فراہمی کا وژن واضح ہے جس کے تحت ہم طالبات کو نئی ٹیکنالوجی کے استعمال کے طریقے سکھائیں گے،ٹیکنالوجی کا اس دور میں لوگ گھروں میں بیٹھ کر روزگار حاصل کرسکتے ہیں،ہم طالبات کی تربیت کرکے انہیں اس قابل بنائیں گے کہ وہ مردوں کے شانہ بشانہ ملکی ترقی میں حصہ لے سکیں گی۔انہوں نے کہا کہ پروگرام کے تحت4سال کے بچے کو کمپیوٹر کی تعلیم دی جائے گی اور اس کیلئے اساتذہ کی تربیت کی جارہی ہے۔وزیرمملکت برائے کیڈ طارق فضل چوہدری نے کہا کہ یہ حکومت کا حسین اقدام ہے جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ حکومت واقعی عوام کی خدمت کرنا چاہتی ہے،بچے قوم کے معمار ہیں،طالبات کی تربیت کرکے قوم کو اعلیٰ تعلیم یافتہ مائیں دیں گے جو ہر لحاظ سے اس قوم کی بہتر تربیت کرسکیں گی۔

مزید : علاقائی