شرجیل میمن کی عبوری ضمانت منظور ، سابق وزیر کا حکومت کے ساتھ ڈیل کا الزام مسترد

شرجیل میمن کی عبوری ضمانت منظور ، سابق وزیر کا حکومت کے ساتھ ڈیل کا الزام ...

کراچی(آن لائن)پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن کی سندھ ہائیکورٹ نے 40لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت منظور کرلی جبکہ شرجیل میمن نے وفاقی وزیر داخلہ کو مناظر ے کا چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ چودھری نثار بتائیں کہ کس قانون کے تحت ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا،چودھری نثار وزیراعلیٰ شہباز شریف کے نقش قد م پر چلنے کی کوشش کررہے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ نے شرجیل میمن کی عبوری حفاظتی منطور کرلی ہے۔اس موقع پرشرجیل میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری اور ڈاکٹر عاصم کی ضمانت کو ڈیل قرار دینا افسوسنا ک ہے کیونکہ کچھ نام نہاد سیاست دان ڈیل کا تاثر دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈکٹیٹر شپ کی پیداوار سے کسی قسم کی ڈیل نہیں ہوسکتی،پیپلز پارٹی ہر قسم کی ڈیل پر لعنت بھیجتی ہے،حکومت سے نہ کوئی ڈیل ہوئی نہ کریں گے اور نہ ہی کوئی رعایت مانگیں گے۔پی پی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ ہر محاذ پر نواز شریف کی حکومت کا مقابلہ کروں گا،میں نے خود کو عدالت کے سامنے پیش کیا،جتنے کیسز بھی بنے سب میری غیرموجودگی میں بنے اور 6ماہ پہلے بنے،ہر ظالمانہ ایکٹ کا بھرپور مقابلہ کروں گا۔ شرجیل میمن نے کہا کہ وزیر داخلہ بتائیں کہ کس قانون کے تحت ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا۔انہوں نے کہا کہ چودھری نثار نے ای سی ایل کو اپنی جاگیر سمجھ رکھا ہے،نواز شریف اور ان کے بیٹوں کے نام بھی ای سی ایل میں ڈالیں۔

 

مزید : علاقائی