تعلیم کا حصول ہر بچے کا بنیادی حق ہے،ایڈمرل ذکاء اللہ

تعلیم کا حصول ہر بچے کا بنیادی حق ہے،ایڈمرل ذکاء اللہ

کراچی(آن لائن) چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے کہا ہے کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی تعمیر و ترقی کے لیے کلیدی اہمیت کی حامل ہے اور ہر بچے کا بنیادی حق ہے۔ بحریہ ماڈل سکول کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے کہا کہ یہ امر باعث فخر ہے کہ پاک بحریہ مادر وطن کی بحری حدود کے تحفظ کے مقدس فرض کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بھی نمایاں کردار ادا کررہی ہے۔ پاکستان نیوی ایجوکیشنل ٹرسٹ کے قیام کا مقصد تعلیم کے شعبے سے دلچسپی رکھنے والے افراد کے ساتھ مل کر کم ترقی یافتہ علاقوں کے بچوں کو معیاری تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ہے۔یہ امر انتہائی قابل مسرت ہے کہ پاکستان نیوی ایجوکیشنل ٹرسٹ اپنے قیام سے ہی اپنے مقاصد کے حصول کے لئے عمدگی سے اپنا کردار ادا کر رہا ہے ۔ معیاری تعلیمی سہولتوں کے فقدان کے باعث پاک بحریہ نے اس علاقے میں درسگاہ کے قیام کا فیصلہ کیا اور مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے کہ حکومت سندھ نے بھی اس منصوبے کی تکمیل کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کی ہے جس کے لیے میں وزیر اعلی اور وزیر تعلیم کا نہایت ممنون ہوں۔

مزید : کراچی صفحہ اول