اقتصادی راہداری کے باعث دنیا کی نظریں پاکستان پر مرکوز ہیں:خرم دستگیر

اقتصادی راہداری کے باعث دنیا کی نظریں پاکستان پر مرکوز ہیں:خرم دستگیر

اسلام آباد(آن لائن) وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر نے کہا ہے کہ امن وامان ‘توانائی اور اقتصادی ترقی کے باعث پاکستان ابھرتی ہوئی معیشت بن رہا ہے۔ برادر ممالک سے باہمی تعلقات کو فروغ دیکر اقتصادی ترقی کی رفتار قائم رکھیں گے ۔ اس عزم کا اعادہ ا نہوں نے جمعرات کے روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان بحرین بزنس کانفرنس سے اپنے خطاب بعدازاں بحرین کے وزیر تجارت کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا ۔خرم دستگیر نے کہا کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان دنیا کی بڑی معیشتوں میں جگہ بنارہا ہے ۔ملک میں مناسب حکمت عملی کے باعث امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنایا گیا اور توانائی منصوبوں کو حتمی شکل دیکر اقتصادی ترقی کی راہ ہموار کی گئی اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان کی جانب سے سی پیک سمیت بڑے بڑے منصوبوں پر کام کے باعث دنیا کی نظریں پاکستان پر مرکوز ہیں۔ خطے کے ممالک سمیت عالمی قوتیں بھی پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہیں پاکستان بھی اقوام عالم کے ساتھ معاشی اقتصادی ثقافتی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی میں تعلقات استوار کرنا چاہتاہے۔ بحرین کے ساتھ قریبی دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔ البرکہ گروپ پاکستان میں کامیاب کاروبار کررہا ہے ۔حکومت نجی شعبے کو پاکستان میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی ۔

مزید : کراچی صفحہ اول