انتخابات کے قریب آنے پر فصلی بٹیرے نمودار ہوتے ہیں ،محمود خان

انتخابات کے قریب آنے پر فصلی بٹیرے نمودار ہوتے ہیں ،محمود خان

مٹہ (نمائندہ پاکستان )صوبائی وزیر کھیل ‘ثقافت ‘میوزیم وامورنوجوانان او ر پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے صدر محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں پر اربوں روپے خرچ کررہی ہے جس سے صوبے کے عوام کا معیار زندگی بلند ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے اپنے دور حکومت میں سوات سمیت صوبے کے دیگر پسماندہ علاقوں کی ترقی پر کوئی توجہ نہیں دی تھی اور عوام سے کئے گئے وعدوں کو بھلا کر صرف اقتدار کے مزے لوٹتے رہے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے ڈنڈوں یونین کونسل مٹہ سوات میں ایک شمولیتی اجتما ع سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجتماع سے ضلعی کونسلر بہادر خان‘ پی ٹی آئی کے کارکن شاہ فہد اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر اے این پی اور پی پی پی سے 40سال سے وابستہ کارکنان حاجی جان شیر خان ،ریاض خان ،عمر خان ،فاروق بالے،عظیم گل ،اور شاہ نظر خان نے اپنے خاندانوں سمیت سینکڑوں ساتھیو ں کے ہمراہ مستعفی ہو کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی اور کہا کہ محمود خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کے مشن کو گھر گھر تک پہنچانے کے لئے اپنا کردار ادا کرینگے۔ محمود خان نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے والے کارکنان کو مبارکباد دیتے ہوئے صوبائی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔محمود خان کا کہنا تھا کہ جب بھی انتخابات کا وقت آتا ہے تو اے این پی اور دیگر سیاسی پارٹیوں کے نام ونہاد موقع پرست سیاستدانوں کو ضلع سوات کے عوام کی یاد ستانے لگتی ہے لیکن پختو نوں کے حقوق کے راگ الاپنے کی حقیقت اس صوبے کے عوام پر عیاں ہوچکی ہے اور اب وہ مزید ان کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔محمود خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی عوام دوست پالیسیوں اور عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی بدولت آج دیگر سیاسی جماعتوں کے لوگ بھی اس تحریک کا حصہ بن رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کی بلاامتیاز خدمت اور ان کے مسائل کا حل پاکستان تحریک انصاف کا مشن ہے اسلئے نہ صرف صوبے کے اہم شعبوں کو مثبت اصلاحات کے ذریعے عوامی امنگوں کا آئینہ دار بنایاگیا ہے بلکہ عوام کے دیرینہ مسائل بھی خوش اسلوبی سے حل ہورہے ہیں۔محمود خان کا کہناتھا کہ صوبے کے عوام ترقی اور انہیں درپیش مسائل ومشکلات کا خاتمہ ہمارا مقصد اور سیاست کا محور ہے۔انہوں نے علاقے میں ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تحصیل مٹہ سوات میں کروڑوں روپے کی لاگت سے گرلز ڈگری کالج کا قیام عمل میں لایا جائیگا ۔اسی طرح ایک ارب روپے کی لاگت سے باغ ڈھیرئی ایریگیشن چینل پرعنقریب تعمیراتی کام مکمل کیا جائیگا۔جس سے تحصیل مٹہ کے آٹھ ہزار ایکڑ بنجر اور بارانی اراضی قابل کاشت ہوجائیگی اس کے علاوہ اس عظیم منصوبے میں ایک لاکھ افراد کو پینے کیلئے صاف پانی بھی فراہم ہوگا۔انہوں نے مذید کہا کہ حلقہ نیابت میں تقریباً4ارب روپے کی لاگت سے آبنوشی کے 28ٹیوب ویل کی تنصیب پر کام جاری ہے جن میں ذیادہ تر مکمل ہوچکے ہیں جو ایک تاریخی ریکارڈ ہے جس سے علاقے کی لوگوں کو پینے کیلئے صاف پانی کے سلسلے میں جو مشکلات درپیش تھیں اس کا ازالہ ہوگا۔صوبائی وزیر نے سپاس نامے میں پیش کئے گئے مطالبات کا ذکر کرتے ہوئے ڈنڈوں بہا مٹہ سوات کے لئے ڈیڑھ کلومیٹر سڑک کی پختگی ،بجلی کے کھمبو‘ں پینے کے لئے صاف پانی کی فراہمی کی منظوری کا بھی اعلان کیا اور ان کویقین دلایا کہ علاقے میں پرائمری سکول کے قیام کے لئے بھرپورکوشش کرینگے ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر