اسٹیٹ بینک عبدالستار ایدھی کی خدمات کے اعتراف میں آج 50 روپے کا سکہ جاری کریگا

اسٹیٹ بینک عبدالستار ایدھی کی خدمات کے اعتراف میں آج 50 روپے کا سکہ جاری کریگا

لاہور( این این آئی )اسٹیٹ بینک عبدالستار ایدھی کی انسانیت کیلئے خدمات کے اعتراف میں آج ( جمعہ) کو 50 روپے کا یادگاری سکہ جاری کرے گا ۔یادگاری سکہ ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے تمام فیلڈ دفاتر کے ایکسچینج کاؤنٹرز سے جاری کیا جائے گا۔سکہ تانبے اور نکل سے بنا ہے جس میں تانبے کا تناسب 75 فیصد اور نکل کا 25 فیصد ہے۔ اس کا قطر 30ملی میٹر اور وزن 13.50گرام ہے ۔ سامنے کے رخ پر وسط میں بڑھتا ہوا ہلال اور پانچ نوکوں کا ابھرتا ہوا ستارہ ہے جس کا رخ شمال مغرب کی طرف ہے۔ ستارے اور ہلال کے اوپر کنارے کے ساتھ ساتھ اردو میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کندہ ہے۔ ہلال کے نیچے اور گندم کی اوپر کی طرف خمیدہ دو بالیوں کے اوپر عددی صورت میں عبدالستار ایدھی کا سال وفات درج ہے۔ ستارے اور ہلال کے دائیں اور بائیں جانب بالترتیب سکے کی مالیت 50 اور اردو میں روپیہ لکھا ہے۔پچھلے رخ پر وسط میں عبدالستار ایدھی کا یک رخی تصویری عکس ہے جس کی بالائی سمت میں عہد انسانیت عبدالستار ایدھی درج ہے۔ اس عکس کے نیچے عبدالستار ایدھی کا عرصہ حیات 1928-2016 نیم دائرے کی صورت میں درج ہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر