عالمی امن کی ضمانت صرف قرآن پاک کا آفاقی نظام دے سکتا ہے :سراج الحق

عالمی امن کی ضمانت صرف قرآن پاک کا آفاقی نظام دے سکتا ہے :سراج الحق

لاہور( آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے منصورہ میں منعقدہ عالمی محفل حسن قرأت کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ عالمی امن کی ضمانت صرف قرآن پاک کا آفاقی نظام دے سکتاہے ۔ حکمران عالمی سامراج سے ڈرنے کی بجائے اللہ تعالیٰ کی خشیت اختیار کریں اور ملک میں آئین و دستور کی بالادستی کو یقینی بنائیں تو پاکستان مسائل کی دلدل سے نکل کر خوشحالی کے راستہ پر گامزن ہوجائے گا ۔ تاریخ گواہ ہے کہ قرآن پاک کو تھام لینے والی قومیں ہمیشہ عالمی افق پر جگماتی اور عزت و وقار حاصل کرتی رہی ہیں اور جن لوگوں نے قرآن پاک کی تعلیمات سے منہ موڑا وہ پستی کی اتھاہ گہرائیوں میں گم ہو گئے ۔ جماعت اسلامی ملک میں قرآن کے عادلانہ نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہد کر رہی ہے ۔ عوام اس میں ہمارا ساتھ دیں ۔ محفل حسن قرأت میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ ، راشد نسیم ، اسد اللہ بھٹو ، حافظ محمد ادریس ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، میاں محمد اسلم ، پروفیسر محمد ابراہیم، مولانا عبدالمالک ، حافظ ساجد انور ، محمد اصغر ، اظہر اقبال حسن ، آصف لقمان قاضی، ذکراللہ مجاہد، مولانا جاوید قصوری، قاری مختار احمد سواتی سمیت منصورہ کی بستی اور ارد گرد کی بستیوں سے کارکنان جماعت اور ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔محفل حسن قرأت میں مصر سے محمد نصر طاروطی ، محمد حسن الخیاط ، سامح شرقاوی ، محمد شیر، ملک کے معروف قاری احمد میاں تھانوی ، مومن شاہ ، احسان اللہ ، عبدالغفار روپڑی ، جامع مسجد منصورہ کے امام قاری وقار احمد چترالی و دیگر معروف قراء حضرات نے شرکت کی اور قرآن پاک کی تلاوت کی سعادت حاصل کی ۔

سراج الحق

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر