مزدوروں کا استحصال فوری طور پر بند کیا جائے،اسد عمر

مزدوروں کا استحصال فوری طور پر بند کیا جائے،اسد عمر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف لیبر ونگ کراچی کے زیر اہتمام مزدور آگاہی مہم کے سلسلے میں لیبر کانفرنس کراچی کے ضلع وسطی میں منعقد ہوئی جس میں تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ورکن قومی اسمبلی اسد عمر ، سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی، حلیم عادل شیخ، کراچی ریجن کے صدر فردوس شمیم نقوی، سردار عبد العزیز ، سیف الرحمان محسوداو ر دیگر قائدین نے شرکت کی۔ لیبر ونگ سندھ کے صدر گل نمروز خان اور لیبر ونگ کراچی کے صدر سربلند خان ، نعیم عادل شیخ اور دیگر نے انہیں مزدوروں کے مسائل کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ مزدوروں کا استحصال فور ی طور پر بند کیا جائے۔ کانفرنس سے اسد عمر ، ڈاکٹر عارف علوی، فردوس شمیم نقوی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے مزدوروں کو یقین دلایا کہ پاکستان تحریک انصاف ہرسطح پر مزدورو ں کے لئے آواز اٹھائے گی ۔ انہوں نے حکومت وقت سے مطالبہ کیا کہ مزدوروں کی کم سے کم تنخواہ میں زیادہ سے زیادہ اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے مزدوروں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح مزدور طبقہ پاکستان تحریک انصاف کے جھنڈے تلے متحد ہو رہا ہے اس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ بہت جلد مزدوروں اپنے حقوق حاصل کرنے کی جدوجہد میں کامیابی اب دور نہیں رہی۔ مزدور طبقہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ہاتھ مضبوط کریں تاکہ ملک سے ان کرپٹ اور ظالم حکمرانوں کا خاتمہ کیا جا سکے اور انصاف پر مبنی عوامی حکومت قائم کی جاسکے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر