سندھ ہائی کورٹ کاشہریوں کی گمشدگی پر سخت برہمی کا اظہار

سندھ ہائی کورٹ کاشہریوں کی گمشدگی پر سخت برہمی کا اظہار

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ میں لاپتہ افراد کی بازیابی اور جعلی مقابلوں میں شہریوں کی ہلاکت کے کیس میں عدالت نے شہریوں کی بلا جواز گمشدگی اور جعلی مقابلوں پر شدید برہمی کااظہار کرتے ہوئے لاپتہ شہریوں کی بازیابی کے لیے فوری اقدامات کرنے کا حکم دیاہے۔جمعرات کو سندھ ہائیکورٹ میں 100 سے زائد لاپتہ افراد کی بازیابی اور جعلی مقابلوں شہریوں کی ہلاکت کے کیس کی سماعت ہوئی۔ شہریوں کی بلا جواز گمشدگی اور جعلی مقابلوں پر عدالت نے شدید برہمی کااظہار کیا۔عدالت نے رینجرز سے مقابلوں میں ہلاک دہشت گردوں کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے رینجرز سے 27 اپریل تک تحریری جواب بھی طلب کرلیا۔عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ لاپتہ شہریوں کی بازیابی اور اس پر پولیس کی ناقص تفتیش سے بظاہر لگتا ہے کہ پولیس چاہتی ہے کہ لاپتہ شہریوں کو لاپتہ ہی رہنے دیا جائے۔ گمشدہ شہریوں کی بازیابی کے مقدمے کی تفتیش میں کوئی پیش رفت نہیں ہو رہی۔عدالت نے مقابلے میں جاں بحق شہری اجیبا احمد کی پولیس رپورٹ پر عدم اعتماد کا اظہار کیا۔اجیبا کے والد نے کہا کہ میرے 2 بیٹوں کو ایس ایچ او شعیب نے 2015 میں حراست میں لیا۔ اجیبا جعلی پولیس مقابلے میں مارا گیا، جبکہ دوسرا بیٹا ابھی تک لاپتہ ہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر