صد سالہ عالمی اجتماع سیاست کا رخ تبدیل کرے گا،قاری عثمان

صد سالہ عالمی اجتماع سیاست کا رخ تبدیل کرے گا،قاری عثمان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)جمعیت علماء اسلام کے صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان نے کہا کہ صد سالہ عالمی اجتماع ملکی سیاست کا رخ تبدیل کرے گا۔ علماء کرام، ارباب مدارس 5اپریل سے 10 اپریل تک طلباء کی چھٹی کا اعلان کریں ۔ علماء کرام اجتماع کی کامیابی کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ ملک میں نفاذ اسلام کے لئے علماء کرام کو میدان میں آنا ہوگا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس شیخ الحدیث مفتی محمد نعیم، جامعۃ العلوم الاسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن کے ناظم تعلیمات مولانا امداد اللہ، جامعہ اشرف المدارس کے رئیس مولانا حکیم محمد مظہر سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جمعیت علماء اسلام ضلع کورنگی کے امیر مفتی عبدالحق عثمانی، قاری فیض الرحمن عابد، قاضی امین الحق آزاد اور دیگر موجود تھے۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ موجودہ حالات میں علماء کرام کو اپنے سیاسی پلیٹ فارم جمعیت علماء اسلام کو مضبوط کرنا ہوگا۔لادین عناصر وطن عزیز کے اسلامی تشخص کے در پے ہیں۔ لیکن جمعیت علماء اسلام ان کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ صد سالہ اجتماع کی کامیابی لادین عناصر کی سیاسی موت ہے۔ علماء کرام ارباب مدارس اجتماع کی کامیابی کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ ممتاز عالم دین جامعہ بنوریہ کے رئیس مفتی محمد نعیم نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کے زیر اہتمام 7 ، 8، 9اپریل کو پشاور میں منعقد ہونے والاعالمی اجتماع وقت کی اہم ضرورت ہے۔علماء کرام کو اس اجتما ع کی کامیابی کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وطن اسلام کے مقدس نام پر حاصل کیا گیا ہے۔ اور اسلام ہی اس کا مقدر ہے۔ ارباب مدارس اور علماء کرام متحد ہوکر اسلام کے عادلانہ نظام کے نفاذ کے لئے جدوجہد کریں۔دو نوں رہنماؤں نے اہل کراچی سے اپیل کی ہے کہ وہ اس عالمی اجتماع بھر پور شرکت کر کے یہ ثابت کریں کہ پاکستان کے 22 کروڑ مسلمان اس دھرتی پر اسلام کے نظام عدل کے علاوہ کسی اور کلچر کو فروغ دینے والوں کو کامیاب ہونے نہیں دیں گے ۔