لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا کا ڈی ایچ اے سٹی کا دورہ

لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا کا ڈی ایچ اے سٹی کا دورہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کور کمانڈ ر کراچی لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا جو ڈی ایچ اے ایگزیکٹیو بورڈ کے صدر بھی ہیں نے سپر ہائی وے پر تیزی سے تعمیر ہونے والے ڈی ایچ اے کے عظیم الشان رہائشی منصوبے ڈی ایچ اے سٹی کراچی کا دورہ کیا۔ ڈی ایچ اے سٹی پہنچنے پر ہیلی پیڈ پرایڈمنسٹریٹر ڈی ایچ اے بریگیڈیر شاہد حسن علی اور ڈی ایچ اے سٹی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر نے اُن کا استقبال کیا۔کورکمانڈر نے ڈی ایچ اے سٹی کی منصوبہ بندی، پروجیکٹ کی افادیت، کمالیت اور فعال منصوبہ بندی کو بے حد سراہا۔ اُنہوں نے کہا کہ ڈی ایچ اے سٹی ایک مستحکم اور فعال رہائشی منصوبہ ہے جس میں رہائشیوں کو ایک جدید ، محفوظ اور آرام دہ زندگی مہیا کرنے کے تمام عناصر موجود ہیں۔انہوں نے خصوصاً ڈی ایچ اے سٹی کی سریع الحرکت ترقیاتی حکمت عملی اور منصوبے کے معاصراتی اور جدید انجینئرنگ و تعمیراتی رحجانات کو احسن اور ترقی پسند اقدام قرار دیا۔ کورکمانڈر نے ڈی ایچ اے سٹی میں مکمل ہونے والے 1.1میگا واٹ سولر پاور پائیلٹ پروجیکٹ کا افتتاحبھی کیا۔ سولر پروجیکٹ علاقے میں کثرت سے پائی جانے والی شمسی توانائی کو سمارٹ گرڈمربوط ٹیکنالوجی کے ذریعے برقی توانائی میں منتقل کرتا ہے۔ کورکمانڈر نے ڈی ایچ اے کے فعال اور متحرک اقدام کو سراہا اور اسے ملک میں بڑے پیمانے پر شمسی توانائی پیدا کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔انہوں نے بجلی کی بچت اور مختلف متبادل زرائع بشمول شمسی اور ہوائی توانائی کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بروئے کار لانے کی اہمیت پر زور دیا۔ کور کمانڈرنے ڈی ایچ اے کے وسیع و عریض علاقے پہ پھیلے ہوئے مختلف سیکٹرز میں تعمیراتی پروجیکٹ کی سائٹ کا دورہ کیا جہاں ترقیاتی کام پورے زور و شور سے جاری تھے۔ انہوں نے تعمیراتی پروجیکٹ پر ہونے والے ڈیولپمنٹ کے کاموں کو بے حد سراہا اور اسے ترقی اور خوشحالی کے سفر میں سنگ میل اہمیت کا قرار دیا۔ کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل شاھد بیگ مرزا نے ڈی ایچ اے سٹی میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا اور جدید سہولیات سے آراستہ ترقی پسند شہر کی تعمیر کو ڈی ایچ اے کی ٹاؤن پلاننگ اور ڈیولپمنٹ کے شعبے میں صف اول اور ہر اول دستے کی حیثیت کا آئینہ دار قرار دیا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر