غیر قانونی تعمیرات ،فریقین کو 50,50لاکھ جمع کرانے کا حکم

غیر قانونی تعمیرات ،فریقین کو 50,50لاکھ جمع کرانے کا حکم

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے سولجربازار میں واقع کے ایم سی کی بلڈنگ پر غیرقانونی تعمیرات کے خلاف درخواست پردونوں فریقین کو 50،50 لاکھ روپے 15 دن میں ہائی کورٹ کے ناظر کے پاس جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔سندھ ہائی کورٹ میں جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں قائم دورکنی فاضل بینچ نے سولجربازار میں واقع کے ایم سی کی بلڈنگ پر غیرقانونی تعمیرات کے خلاف دائر ایک درخواست کی سماعت کی۔عدالت کے روبروبلڈز عمران پلیجو اور فیصل پیش ہوئے۔عدالت نے دونوں بلڈرز پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ استفسار کیا کہ آپ دونوں نے قانون توڑ کر غیرقانونی تعمیرات کرائی ہیں جس پر آپکو جیل بھی بھیجا جاسکتا ہے۔عدالت نے بلڈرز کے ساتھ کئے گئے مکالمے میں مزید کہا کہ آپ کی وجہ سے کتنے خاندان بے گھر ہوئے، لگتا ہے آپکو بھی سڑک پر بھیجنا ہوگا، آپ جیسے دھوکہ بازرعایت کے مستحق نہیں۔آپ جیسے لوگ جہاں سرکاری زمین خالی دیکھتے ہیں وہاں قبضہ کرلیتے ہیں۔ عدالت نے درخواست پردونوں فریقین کو حکم دیا کہ وہ پچاس پچاس لاکھ روپے 15 دن کے اندرناظر ہائی کورٹ کے پاس جمع کروائیں ورنہ انہیں جیل بھیج دیا جائے گا۔بعدازاں عدالت نے درخواست پر مزید کارروائی 15 اپریل تک ملتوی کردی۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر