مہاجر تاریخ کے بدترین دور سے گزررہے ہیں: ڈاکٹر سلیم حیدر

مہاجر تاریخ کے بدترین دور سے گزررہے ہیں: ڈاکٹر سلیم حیدر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ مہاجر اس وقت تاریخ کے بدترین دور سے گزررہے ہیں۔ انہیں ایک طرف تو سیاسی عمل سے باہر کیا جارہا ہے دوسری جانب ایسے حالات پیدا کردیئے گئے ہیں کہ مہاجر عوام اپنے حقوق کے بجائے اپنی بقاء اور دفاع میں مصروف ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نام نہاد مہاجر قیادت نے آج پوری قوم کو بند گلی میں لاکر کھڑا کردیا ہے اور لندن میں بیٹھا ایک مفاد پرست ٹولہ جو خود لوٹ مار، چائنا کٹنگ، بھتہ خوری کی سرپرستی کرتا رہا ۔ اب لندن سے بیٹھ کر پھر ایک مرتبہ مہاجر قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہا ہے لیکن اب مہاجر عوام ان کا اصل چہرہ دیکھ چکے ہیں ۔ وہ مزید کسی دھوکے میں نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہاکہ MIT گزشتہ 25 سال سے ان تمام صورتحال کی نشاندہی کرتی رہی ۔ کراچی، حیدرآباد، سکھر، میرپورخاص، ٹنڈوآدم، ٹنڈومحمدخان سمیت سندھ کے کونے کونے میں جاکر مہاجر عوام کو اس تمام صورتحال سے 25 سال قبل ہی آگاہ کردیا تھا لیکن عوام جذبات کی رو میں بہتی رہی اور آج سوائے پچھتاوے کے کچھ نہیں۔ انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے اسی کرپٹ قیادت کے بدطن سے نکلنے والے آج پھر مہاجر عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ کچھ تو مہاجر نام پر جائیدادیں بنانے کے بعد آج مہاجر لفظ سے ہی منحرف ہوگئے ہیں اور انہیں لفظ مہاجر اب طعنہ محسوس ہونے لگا ہے۔ انہوں نے کہاکہ قوم کو ان مفاد پرست اسٹیبلشمنٹ کے ایجنٹوں سے یہ معلوم کرنا چاہئے کہ آج سے 30 سال پہلے تمہاری کیا حیثیت تھی اور اسی مہاجر قوم کے طفیل ملک اور بیرون ملک میں جائیدادیں بنائیں ۔ اب مہاجر لفظ کو برا کہہ کر اپنی بدکرداری کا ثبوت پیش کررہے ہیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر