میونسپل کمیٹی مظفرگڑھ میں سیاسی گروپ الجھ پڑے،شہر مسائل میں گھر گیا

میونسپل کمیٹی مظفرگڑھ میں سیاسی گروپ الجھ پڑے،شہر مسائل میں گھر گیا

مظفرگڑھ(نمائندہ پاکستان)میونسپل کمیٹی مظفرگڑھ سیاسی اکھاڑہ بن گئی ،پہلے ممبر صوبائی اسمبلی گروپ اور چیئرمین میونسپل کمیٹی گروپ کے درمیان تصادم کے باعث شہر بھر میں سیوریج کے مسائل بدترین ہوگئے تھے اب چیئرمین میونسپل گروپ میں موجود مختلف سیاسی جماعتوں کے ارکان کے اختلافات کے باعث شہر بھر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال مزید سنگین ہوگئی۔تفصیلات کیمطابق(بقیہ نمبر8صفحہ12پر )

میونسپل کمیٹی مظفرگڑھ میں پہلے ہی ممبر صوبائی اسمبلی حماد نواز ٹیپو اور چیئرمین میونسپل کمیٹی سردار اکرم خان چانڈیہ گروپ کے درمیان سیاسی تنازع کے باعث آدھے شہر میں صفائی ستھرائی کی نوبت ہی نہیں آتی تھی اور اب صورتحال مزید سنگین تر ہوگئی ہے کیونکہ چیئرمین میونسپل کمیٹی گروپ میں مختلف سیاسی جماعتوں اور گروپوں کے کونسلرز کے درمیان اختلافات شدید ہوگئے ہیں،ٹھیکوں کی بندربانٹ،سفید پوش ملازمین کی تنخواہوں کی تقسیم اور سینیٹری ورکرز کی ماتحتی کی بنیاد پر میونسپل کمیٹی مظفرگڑھ کے حالات مزیدابتر ہوگئے ہیں۔میونسپل کمیٹی مظفرگڑھ میں سیاسی رسہ کشی اور مفادات کی تقسیم کے معاملے پر جھگڑوں کے حالیہ واقعات نے شہریوں کو مزید اذیت سے دوچار کردیا ہے ،کیونکہ شہر کا90حصہ اس وقت کوڑے کے ڈھیر کا منظر پیش کررہا ہے ،ہر گلی محلے میں2سے3فٹ سیوریج کا پانی کھڑا ہونے کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں،ہر گلی محلے میں گندا پانی کھڑا ہونے کے باعث ایک جانب سکول ،دفاتر اور مساجد کے لیے جانے والے شہریوں کو گندے پانی سے گزرکر نکلنا پڑتا ہے تو دوسری جانب گندے پانی کے باعث مچھروں کی بہتات کے باعث شہری بڑی تعداد میں ملیریااور دیگر وبائی امراض میں مبتلا ہورہے ہیں۔سیاسی مخالف کونسلرز کے حلقوں میں عملہ صفائی کے کام کرنے پر مکمل پابندی عائد ہے جس کی سزا ان حلقوں کے شہری بھگت رہے ہیں،غوث کالونی ،محلہ قائم والا ،ڈسٹرکٹ جیل کے اطراف کے علاقوں ،محلہ شیخوپورہ ،بخاری والا ،ریلوے روڈ ،جھنگ موڑ ،لٹکراں سمیت شہر کے بیشتر علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہے ،جبکہ کئی علاقوں میں سیوریج کا معمولی مسئلہ حل کرنے کی بجائے فیول کے نام پر لوٹ مار کرنے کے لیے پیٹر انجن نصب کرکے روزانہ ہزاروں روپے فیول کی بندربانٹ کی جارہی ہے۔انجمن تاجران ملتان روڈ کے صدر شیخ شان ،وحیداعوان ،عمران علی ،جواد،وسیم رضا ودیگر شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف سے مطالبہ کیا ہے کہ بلدیاتی نمائندوں کی کارکردگی جانچنے اور احتساب کا بھی کوئی قانون بنایا جائے اور شہرمیں صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال اور گلی محلوں میں سیوریج کے پانی کے خاتمے کے لیے کوئی عملی اقدامات کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں تاکہ شہری بھی سکھ کا سانس لے سکیں۔

مزید : ملتان صفحہ آخر